ماہرہ خان کی صداکاری پر مبنی مختصر فلم ‘علیحدگی’


فلم ساز احمد صارم کی ہدایت کردہ دوسری مختصر فلم ‘علیحدگی’ کا پہلا پارٹ ریلیز کردیا گیا، جس میں معروف اداکارہ ماہرہ خان نے صداکاری کی ہے۔

احمد صارم کی فلم ‘علیحدگی’ کو یوٹیوب چینل (قصہ نگری) پر ہی ریلیز کیا گیا، جہاں پر گزشتہ ماہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی ماڈل زارا عابد کی مختصر فلم سکہ ریلیز کی گئی تھی۔

‘قصہ نگری’ یوٹیوب چینل کی پہلی مختصر فلم زارا عابد کی سکہ تھی اور اس میں اداکارہ صبا قمر نے صداکاری کی تھی۔

قصہ نگری کی پہلی فلم میں بھی ایک خاتون کی جدوجہد کی کہانی کو دکھایا گیا تھا اور زارا عابد نے انتہائی شاندار طریقے سے اس میں اداکاری کی تھی۔

ماہرہ خان فلم شروع ہونے سے قبل ہی نہ صرف ‘علیحدگی’ کےحوالے سے بات کرتی دکھائی دیتی ہی بلکہ وہ فلم ساز احمد صارم کے حوالے سے بھی مداحوں کو آگاہ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

مختصر فلم کی کہانی میں مختلف مسائل اور عجیب بے چینیوں میں مبتلا شخص کے دل اور روح کےحالات کو دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔

فلم میں احمد صارم اور اداکارہ مامین قطب شاہی کو دکھایا گیا ہے اور احمد صارم کے مردانہ کردار کی صداکاری ماہرہ خان کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

کہانی کو بیان کرنے کے ماہرہ خان کے انداز کو بہت سراہا جا رہا ہے اور لوگوں نے مختصر فلم کی کہانی اور خیال کو بھی بہت سراہا۔

‘علیحدگی’ کی کہانی کو بھی احمد صارم نے لکھا اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دیں، ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اس فلم کا دوسرا پارٹ کب ریلیز کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ جلد ہی دوسرا حصہ بھی ریلیز کردیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں