بولی وڈ اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کی دوپہر ایک بجے کے قریب بھارتی شہر ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی تھی۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع پر جائے وقوع کا جائزہ لینے کے بعد ہی بتایا تھا کہ اداکار نے خودکشی کی ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔
سشانت سنگھ راجپوت نے ممبئی کے پرتعیش علاقے ویسٹ باندرا میں اپنے فلیٹ میں دوستوں اور ملازمین کی موجودگی میں اپنے کمرے کا دروازہ بند کرکے خودکشی کی تھی۔
ان کے ساتھ فلیٹ میں موجود افراد نے بتایا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کی صبح 10 اٹھے اور جوس پینے کے بعد واپس اپنے کمرے میں چلے گئے اور دروازہ اندر سے بند کرلیا۔
اداکار کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال بھیج دیا تھا اور رات دیر گئے ہسپتال انتظامیہ نے اداکار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کردی۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ممبئی کے کوپر ہسپتال کی جانب سے جاری کی گئی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اداکار کے موت کا سبب دم گھٹنا بتایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ پھنڈے کی وجہ سے اداکار کا دم گھٹا، جس وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔
ساتھ ہی بتایا گیا کہ اداکار کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی کیا گیا جو منفی آیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سشانت سنگھ راجپوت کی لاش سے کچھ نمونے لے کر فورینزک ٹیسٹ کے لیے بھجوائے گئے، جن کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔
انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سشانت سنگھ راجپوت کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ مں دم گھٹنا ان کی موت کا سبب بتایا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکار کی آخری رسومات 15 جون کو ممبئی میں ادا کی جائیں گی اور ان کے دیگر اہل خانہ ریاست بہار سے ممبئی پہنچ چکے ہیں۔
سشانت سنگھ راجپوت کا تعلق ریاست بہار کے شہر پٹنا سے تھا، وہ ممبئی میں اکیلے رہتے تھے، ان کی چار بہنیں ہیں جن میں سے ایک ریاست بہار کی کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلتی ہیں۔
پولیس کو تاحال ان کی رہائش گاہ سے ان کی جانب سے لکھا جانے والا کوئی آخری خط نہیں ملا، تاہم پولیس کو ان کی رہائش گاہ سے ان کے علاج و معالجے کے دستاویزات ملے ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے۔
اداکار کے قریبی دوستوں کے ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے ڈپریشن اور ذہنی دباؤ کا شکار تھے، تاہم ان کی پریشانی میں کورونا کے باعث لاک ڈاؤن ہونے کے باعث اضافہ ہوا۔
مزید پڑھیں: سشانت سنگھ راجپوت نے زندگی کے آخری ڈھائی گھنٹے کیسے گزارے؟
ذرائع کے مطابق یہ واضح نہیں کہ انہیں کن مسائل کی وجہ سے ڈپریشن تھا اور نہ ہی ان کی مالی حالت خراب ہونے کی کوئی اطلاعات ہیں۔
سشانت سنگھ راجپوت نے کیریئر کا آغاز 2008 میں ٹی وی سے کیا تھا تاہم انہوں نے 2013 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا ، انہوں نے اب تک محض ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا۔
سشانت سنگھ راجپوت کی فلموں میں کائی پو چے، شدھ دیسی رومانس، پی کے، ڈیٹیکٹو بایو مکیش بخشی، ایم ایس دھونی: دی یونائیٹڈ اسٹوری، رابطہ، ویلکم ٹو نیویارک، کیدرناتھ، سون چڑیا، چھچھورے اور ڈرائیو شامل ہیں۔
سشانت سنگھ راجپوت کو ان کے 12 سالہ کیریئر کے دوران 20 کے قریب ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا اور انہوں نے 9 ایوارڈز جیتے، انہوں نے بہترین ڈیبیو اداکار، بہترین پاپولر اداکار اور بہترین اداکار کے فلم فیئر، اسکرین ایوارڈ اور زی سائن ایوارڈز جیتے۔