ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے رواں سال آسٹریلیا میں ہی انعقاد کے حوالے سے مثبت اشارے ملنے لگے،جولائی میں 10 ہزار تک تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی، آسٹریلوی وزیر کھیل بھی میگا ایونٹ کی میزبانی کے لیے پْرامید ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں تماشائیوں کی محدود تعداد کو اسٹیڈیمز میں آمد کی اجازت ملنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی کا امکان بڑھنے لگا ہے،کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونے پر حکومت نے اعلان کیا کہ جولائی سے کھیلوں کے مقابلے دیکھنے کیلیے 40 ہزار کی گنجائش والے اسٹیڈیم میں 10ہزار تماشائی آسکیں گے۔
اسٹینڈز اور کھانے پینے کے اسٹالز پرسماجی فاصلے کا خیال رکھنا ہوگا،40 ہزار سے زائد گنجائش رکھنے والے وینیوز کے بارے میں پالیسی اگلے مرحلے میں تیار کی جائیگی، آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دینا انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے وزیر کھیل رچرڈ کول بیک نے ایک بار پھر امید ظاہر کی کہ آسٹریلیا رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے میں کامیاب ہوگا، انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر کنٹرول کی صورتحال کافی بہتر ہوگئی، وفاقی حکومت ایونٹ منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے،تمام تر احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ورلڈکپ کرانے کا خواب پورا ہو سکتا ہے۔