پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور ان کی اہلیہ و سوشل میڈیا اسٹار فریال مخدوم نے تین دن قبل ہی پنجاب کے شہر راولپنڈی میں اپنے مالک کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے کے بعد قتل کی گئی بچی زہرہ شاہ کے لیے فنڈ کا قیام کیا تھا۔
عامر خان اور فریال مخدوم نے زہرہ شاہ چائلڈ پروٹیکشن فنڈ کا قیام کرتے ہوئے مذکورہ فنڈ کو تشدد کا شکار ہونے والے تمام پاکستانی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کرنے کا اعلان کیا تھا۔
فریال مخدوم اور عامر خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے قتل کی جانے والی 8 سالہ بچی زہرہ شاہ کے اہل خانہ کو انصاف دلانے سمیت ان کی مالی مدد کا اعلان بھی کیا تھا۔
جوڑے نے اعلان کیا تھا کہ زہرہ شاہ کے باقی بہن اور بھائیوں کے تعلیمی اخراجات عامر خان فاؤنڈیشن برداشت کرے گی جب کہ وہ مقتول بچی کے اہل خانہ کو مالی معاونت بھی فراہم کریں گے۔
فریال مخدوم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں زہرہ شاہ چائلڈ پروٹیکشن فنڈ میں تعاون کرنے والے افراد کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی انہوں نے وکلا، انسانی حقوق کے کارکنان اور سماجی رہنماؤں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا تھا۔
فریال مخدوم کا کہنا تھا کہ ان سے بہت سارے لوگ پوچھ رہے ہیں کہ آخر زہرہ شاہ کے والدین نے اپنی کمسن بچی کو ملازمت کے لیے کیوں بھیجا جس کا جواب یہ ہے کہ زہرہ شاہ کے والدین نے بچی کو اپنی خالہ کے ساتھ اسلام آباد تعلیم کے لیے بھیجا تھا، جہاں پر اس کی خالہ نے اسے ملازمت کے لیے بھیجا تھا۔
فریال مخدوم نے کمسن بچی زہرہ شاہ کے والدین کے حوالے سے مزید بتایا کہ ان کے گھر میں صرف ایک ہی بستر ہے اور ان کے 8 بچے ہیں اور ان کی مالی حالت بھی انتہائی خراب ہے۔
عامر خان نے بھی اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں زہرہ شاہ کے اہل خانہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی مالی مدد کا اعلان کیا اور کہا کہ زہرہ شاہ کے تمام بہن اور بھائیوں کے تعلیمی اخراجات بھی ان کی سماجی تنظیم برداشت کرے گی۔
عامر خان نے اپنی پوسٹ میں مزید بتایا کہ زہرہ شاہ کے خاندان کو معاملہ رفع دفع کرنے کے لیے پیسوں کی پیش کش ہوئی تھی مگر اس کا خاندان قاتلوں کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم رکھتا ہے اور ان کی تنظیم متاثرہ خاندان کی مدد کرے گی۔
مزید پڑھیں: مالکان کے تشدد سے جاں بحق 8سالہ بچی کے والدین سے ‘صلح ‘ کی کوشش
خیال رہے کہ 31 مئی کو راولپنڈی میں ایک گھر میں ملازمہ کے طور پر کام کرنے والی زہرہ کو زخمی حالت میں بیگم اختر رخسانہ میموریل ہسپتال لایا گیا تھا۔
تاہم ہسپتال لانے کے کچھ دیر بعد ہی زہرہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی تھی جبکہ مالکان کو اسی روز گرفتار کرلیا گیا تھا۔
مذکورہ واقعے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عوام سمیت سیاستدانوں نے بھی 8 سالہ بچی کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا تھا۔
معاملہ میڈیا میں آنےکے بعد ہی عامر خان اور ان کی اہلیہ نے زہرہ شاہ کے نام چائلڈ پروٹیکشن فنڈ کا اعلان کیا، جس کے تحت جوڑے نے 10 جون کی شام تک پاکستانی 79 لاکھ روپے تک جمع کرلیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: 8 سالہ ملازمہ قتل کیس: پولیس کا ملزمان کے پولی گرافک ٹیسٹ کا فیصلہ
جمع ہونے والے مذکورہ فنڈ کو زہرہ شاہ جیسی تمام پاکستانی بچیوں اور بچوں کے لیے استعمال کیا جائے گا اور مذکورہ فنڈ کو عامر خان کی سماجی تنظیم متاثر بچوں کے لیے استعمال کرے گی۔