ملازمین کی برطرفی،بورڈکو غلطی کا احساس ہو گیا


لاہور: 

پی سی بی کو غلطی کا احساس ہو گیا، یو ٹرن لیتے ہوئے ملازمت سے فارغ کیے جانے کے نوٹس واپس لے لیے تاہم 55 اسٹاف اراکین کی ملازمتیں فی الحال بچ گئیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے چھانٹی کا عمل شروع کرتے ہوئے لاہور سے 5اور کراچی سے 10 ملازمین کو ایک ماہ کے نوٹس پر فارغ کردیا تھا جبکہ دیگر 40میں سے چندکو نوٹس وصول ہوئے اور دیگر کو ملنے والے تھے،کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں بے روزگار کیے جانے والے ملازمین کے حق میں میڈیا اور سابق کرکٹرز کی جانب سے آوازیں بلند ہونے پر بالآخر پی سی بی کو جھکنا پڑا اور مجموعی طور پر55اسٹاف اراکین کو رواں ہفتے جاری کیے گئے ملازمت سے برخاستگی کے نوٹسز واپس لے لیے۔

چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہاکہ زیادہ اسٹاف موجودہ بورڈ کی طویل المدتی پائیداری کیلیے ایک مسئلہ ہے، البتہ تبدیلی کے لیے وقت کا چناؤ بہت اہم ہوتا ہے، لہٰذا اس عمل سے متعلق اپنائے گئے طریقہ کار میں بہتری کی ضرورت تھی۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے فیصلے پر ہم نے فوری نظرثانی کی، اس دوران پی سی بی اپنی ری اسٹرکچرنگ کا عمل جاری رکھے گا، ملازمین کی معقول تعداد کویقینی بنانے کیلیے مناسب وقت پر اقدامات اٹھائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ ملک بھر میں پی سی بی کے ملازمین کی تعداد 710ہے،361 لاہور،70 کراچی اورباقی دیگر شہروں میں فرائض نبھا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں