گلوکار سلمان احمد سارک ممالک کے کووڈ 19 کے سفیر نامزد


اسلام آباد:  پاکستان کے مقبول بینڈ جنون کے مایہ ناز  گلوکار سلمان احمد کو جنوبی ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون (سارک) صحت کے شعبے کورونا وائرس کویڈ 19 کا خیر سگالی سفیر نامزد کردیا گیا۔

تفیصلات کے مطابق عالمی  وبا سے نمٹنے کے لئے سارک ممالک نے مشترکہ کوششوں اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون پراتفاق کیا ہے گزشتہ دنوں پاکستان میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں تمام رکن ممالک کے وزرائے صحت اور شعبہ صحت سے متعلق اعلیٰ حکام نے شرکت کی تھی۔

سارک وزرائے صحت کی کانفرنس کی تجویز پاکستان نے پیش کی تھی، جس میں وبائی امراض کے خلاف تعاون اور کورونا وائرس جیسی وبائی صورتحال میں سارک ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانے پرغور کیا گیا۔

سارک کے شعبہ صحت میں سارک ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز اداکاروں، فنکاروں کو خیر سگالی کا سفیر مقرر کیا جارہا ہے اس بارے میں پاکستان کے مقبول جنون گروپ کے سلمان احمد کا نام شامل کیا گیا۔ سلمان احمد اپنی اہلیہ ڈاکٹر ثمینہ احمد کے ساتھ مل کر ایک خیراتی ادارہ بھی چلارہے ہیں۔

سلمان احمد اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے شعبہ صحت کی پولیو مہم کے بھی پاکستان میں سفیر ہیں۔ سلمان  احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میری جان اور شان ہے۔ ہر وقت دل دل پاکستان اور زندہ باد عمران خان کا نعرہ لگاتا ہوں۔

ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان احمد کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے زندگی کو مکمل طور پر مفلوج کردیا۔ سارک کے رکن ممالک میں اس وبا نے معشیت کو تباہ کردیا۔ ترقی پذیر ممالک کہاں جائیں ہمیں اس بیماری کو شکست دینا ہے تو ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں