نوکیا کے 3 انٹری لیول اسمارٹ فونز متعارف


ایچ ایم ڈی نے خاموشی سے نوکیا کے 3 انٹری لیول اسمارٹ فونز متعارف کرادیئے ہیں۔

یہ فونز نوکیا سی 5 انڈی، سی 2 ٹاوا اور سی 2 ٹینین ہیں جن میں اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔

ان فونز کو امریکا میں پیش کیا گیا ہے اور امکان ہے کہ جلد دیگر ممالک میں بھی دستیاب ہوں گے۔

نوکیا سی 5 انڈی

اس فون میں 6.5 انچ ایچ ڈی پلس ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں واٹر ڈراپ نوچ میں 8 میگا پکسل سیلفی کیمرا موجود ہے جبکہ بیزل کافی نمایاں ہیں۔

اس کے علاوہ میڈیا ٹیک ہیلیو پی 22 پراسیسر دیا گیا ہے جس کے ساتھ 3 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج موجود ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

4000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 10 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے۔

اس فون کے بیک پر 3 کیمرے دیئے گئے ہیں جن میں مین کیمرا 12 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 5 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرا دیا گیا ہے۔

یہ فون 170 ڈالرز (27 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

سی 2 ٹاوا اور سی 2 ٹینین

سی 2 سیریز کے فونز دیکھنے میں ایسے ہیں، فوٹو بشکریہ ایچ ایم ڈی گلوبل
سی 2 سیریز کے فونز دیکھنے میں ایسے ہیں، فوٹو بشکریہ ایچ ایم ڈی گلوبل

ان دونوں فونز میں 5.45 انچ کا ایچ ڈی پلس ڈسپلے دیا گیا ہے اور 5 میگا پکسل سیلفی کیمرے بھی دونوں ڈیوائسز میں موجود ہیں۔

دونوں فونز میں ہیلیو اے 22 پراسیسر، 2 جی بی ریم اور 16 سے 32 جی بی اسٹوریج موجود ہے جس میں ایس ڈی کارڈ کی مدد سے اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

3000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 10 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔

فون کے بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہے جس میں 8 میگا پکسل مین کیمرا اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرا شامل ہے۔

سی 2 ٹاوا 29 مئی سے صارفین کو دستیاب ہوگا جس کی قیمت 110 ڈالرز (لگ بھگ 18 ہزار پاکستانی روپے) ہوگی جبکہ سی 2 ٹینین 15 جون سے 70 ڈالرز (11 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں