حال ہی میں پاکستان کی خوبرو اداکارہ مہوش حیات کی ہم شکل عرب فیشن بلاگر روزا کی تصاویر نے انٹرنیٹ پر دھوم مچائی تھی اور پہلی بار روزا کی تصاویر دیکھنے والے افراد نے عرب بلاگر کو پاکستانی اداکارہ ہی سمجھا تھا۔
اپریل میں روزا کی تصاویر جہاں پاکستان میں خوب وائرل ہوئیں، وہیں ان کی تصاویر کو مشرق وسطیٰ اور بھارت میں بھی پسند کیا گیا اور اب ایک پاکستانی شخص کی تصاویر نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی ہے۔
عام طور شوبز شخصیات کے مداح اپنے پسندیدہ ہیروز کی طرح دکھائی دینے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ایک کانٹینٹ کریئیٹو ایجنسی کے مالک و فوٹوگرافر فرحان خان شیروانی بولی وڈ اداکار رنبیر کپور کی طرح دکھائی دینے کی کوشش نہیں کرتے بلکہ وہ اتفاق سے ان کی طرح ہی دکھائی دیتے ہیں۔
جی ہاں، لاہور کے فوٹوگرافر، سوشل میڈیا پرسنالٹی و کریئیٹو کانٹینٹ ایجنسی کے مالک فرحان خان شیروانی کی تصاویر نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی ہے اور لوگ انہیں بولی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی اصل کاربن کاپی قرار دے رہے ہیں۔
اگرچہ فرحان خان شیروانی توجہ حاصل کرنے کے لیے رنبیر کپور کی طرح دکھائی دینے کی کوشش نہیں کرتے مگر ان کی تصاویر کے انداز کو دیکھ کر اندازا ہوتا ہے کہ وہ رنبیر کپور کے فلمی اسٹائل کو اپنا کر لوگوں کو دھوکا دینے کی کوشش ضرور کرتے ہیں۔
فرحان خان شیروانی انسٹاگرام اور فیس بک پر اپنی تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں اور ان کی جانب سے شیئر کی جانے والی بہت ساری تصاویر میں انہیں بولی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کے مختلف فلمی اندازوں کو اپناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔