شہرت یافتہ امریکی پاپ گلوکارہ 34 سالہ لیڈی گاگا نے طویل انتظار اور تاخیر کے بعد بالآخر اپنا نیا میوزک ایلبم ریلیز کردیا۔
واضح رہے کہ لیڈی گاگا کا آخری اور پانچواں میوزک ایلبم ’جاؤنے‘ 2016 میں ریلیز ہوا تھا جبکہ ان کا چوتھا ایلبم 2014، تیسرا ایلبم 2013، دوسرا ایلبم 2011 اور پہلا ایلبم 2008‘ میں ریلیز ہوا تھا۔
لیڈی گاگا نے گزشتہ برس سے ہی اپنے چھٹے میوزک ایلبم کے حوالے سے سوشل میڈیا کے ذریعے باتیں کرنا شروع کی تھیں، لیکن انہوں نے رواں برس تصدیق کی تھی کہ وہ اپریل 2020 میں چھٹا میوزک ایلبم ریلیز کریں گی، تاہم پھر کورونا کی وبا کے باعث انہوں نے میوزک ایلبم کی ریلیز کو ملتوی کردیا تھا۔
تاہم اب انہوں نے طویل انتظار اور تاخیر کے بعد اپنا چھٹا میوزک ایلبم ’کرو ماٹیکا‘ 29 مئی کو ریلیز کردیا۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے نئے ایلبم کے گانے ریلیز کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری دی جب کہ انہوں نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر بھی ایلبم کی ریلیز کا اعلان کیا۔
اگرچہ لیڈی گاگا نے اب تک 6 ہی آڈیو میوزک ایلبم ریلیز کیے ہیں، تاہم وہ 2 ریمکس میوزک ایلبم ریلیز کرنے سمیت 3 ویڈیو ایلبمز بھی ریلیز کر چکی ہیں جب کہ انہوں نے درجنوں سنگل گانے بھی جاری کیے ہیں۔
گلوکاری کے علاوہ لیڈی گاگا نے 2018 میں فلم ڈیبیو بھی کیا تھا اور ساتھ ہی انہیں عالمی فیشن آئیکون کے طور پر بھی شہرت حاصل ہے اور جلد ہی وہ دوسری فلم میں بھی دکھائی دیں گی۔
لیڈی گاگا کو ان کی بولڈ پرفارمنس، جنسیت پر ابھارنے والی شاعری و مناظر پیش کرنے سمیت متنازع لباس پہننے کی وجہ سے بھی شہرت حاصل ہے اور نئے ایلبم کی تصویری اور ویڈیو جھلکیوں سے بھی اندازا ہوتا ہے کہ وہ ایک بار پھر اپنی بولڈ اور روایتی ڈانس پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کریں گی۔
لیڈی گاگا نے گزشتہ برس فروری میں اپنی منگنی محض 90 روز بعد ہی ختم کردی تھی، انہوں نے 19 اکتوبر 2018 کو خود سے 17 سال بڑے اور ٹیلنٹ ایجنٹ 49 سالہ کرسٹیئن کرنیو سے خاموشی سے منگنی کی تھی۔
یہ دوسرا موقع تھا کہ لیڈی گاگا نے شادی کیے بغیر ہی منگنی ختم کردی تھی، اس سے قبل بھی انہوں نے 2016 میں اداکار و گلوکار 37 سالہ ٹیلر کنی سے منگنی ختم کی تھی۔
ان دونوں کے درمیان 2011 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور دونوں نے فروری 2015 میں منگنی بھی کرلی تھی جبکہ ان کا جلد شادی کا بھی ارادہ تھا، تاہم دونوں نے جولائی 2016 میں منگنی ختم کردی تھی۔