ایک ماہ کے دوران ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں 2.93 روپے کی کمی


کراچی: ایک ماہ کے دوران ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں 2.93 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

انٹر بینک مارکیٹ گزشتہ ہفتے روپے کی نسبت امریکی ڈالر کی قدر میں 2روپے 18 پیسے جبکہ مئی 2020 کے دوران ڈالرکی قدر میں مجموعی طور پر 2 روپے 93 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے ڈالر کے انٹربینک ریٹ بڑھ کر 163.10 روپے کی سطح پر آگیا۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر 2 روپے 50 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ مئی 2020 میں ڈالر کے اوپن مارکیٹ ریٹ 2 روپے 80 پیسے بڑھ کر 163.30 روپے کی سطح پر جا پہنچا۔

زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے دیگر اہم غیر ملکی کرنسیوں کی قدر میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انٹربینک مارکیٹ میں یورو کی قدر 4 روپے 44 پیسے بڑھ کر 180 روپے 97 پیسے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر 6 روپے بڑھ کر 181 روپے ہوگئی۔ انٹربینک میں برطانوی پاونڈ کی قدر 4 روپے 36 پیسے بڑھ کر 200روپے 74پیسے ہوگئی۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاونڈ کی قدر ایک روپے بڑھ کر201 روپے ہوگئی۔ماہرین کا کہناہے کہ آئی ایم ایف سے قرضے کی تیسری قسط کے لیے وفاقی بجٹ میں ممکنہ نئے اقدامات کی شرائط اور کورونا وباء کے ملکی برآمدات پر مرتب ہونے والے اثرات رواں ماہ سے برآمدی آمدنی کی ترسیلات کے حجم میں کمی کی صورت میں ظاہر ہونے کےعلاوہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کے دوبارہ آغازاور نئی درآمدات کے لیے درآمدی لیٹر آف کریڈٹس کھولے جانے سے ڈیمانڈ بڑھنےکے باعث امریکی ڈالرکی قدر میں اضافے کا رحجان غالب ہوا ہے۔ عید کی 6 روزہ تعطیلات کے بعد یومیہ بنیادوں پر آنے والی ورکرز ریمیٹینس کی آمد کا حجم بھی گھٹ گیا ہے جب کہ درآمدات مزید بڑھنے کے امکانات ہیں جس سے انٹربینک مارکیٹ پر امریکی ڈالر کی طلب رسد کے مقابلے میں بڑھ گئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں