آئی فون اور کمپیوٹرز بنانے والی امریکا کی شہرت یافتہ کمپنی ‘ایپل’ نے گزشتہ برس نومبر میں نیٹ فلیکس اور ڈزنی جیسی کمپنیوں کے مقابلے میں ایپل پلس ٹی وی نامی ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ متعارف کرائی تھی۔
ایپل ٹی وی نے انتہائی کم وقت میں شائقین کی توجہ حاصل کرلی تھی اور اس پر بڑے بجٹ کے ڈرامے اور فلمیں بھی نشر کی جانے لگی ہیں تاہم ایپل نے اپنی حریف کمپنیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے فلموں کی تیاری میں بھی قدم رکھ دیا اور اب کمپنی نے دوسری فلم بنانے کے حقوق بھی حاصل کرلیے۔
جی ہاں، موبائل و کمپیوٹرز کے بعد اب ایپل انشورنس نے فلمیں بنانے کا بھی آغاز کردیا اور کمپنی نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران دوسری فلم کے حقوق بھی حاصل کرلیے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایپل انشورس نے فلم ساز مارٹن اسکارسز کی آنے والی فلم (کلرز آف دی فلاور مون) کے حقوق حاصل کرلیے۔
ایپل کی جانب سے جس نئی فلم کے حقوق حاصل کیے گئے ہیں وہ دراصل 2017 میں امریکی صحافی ڈیوڈ گران کی اسی نام سے شائع کی جانے والی کتاب (کلرز آف دی فلاور مون) پر بنائی جائے گی۔
فلم کی کہانی ایک صدی قبل امریکا میں نسل کشی کے فسادات میں امریکا کے اصلی رہائشی قبیلے اوساگے کے لوگوں کو منظم انداز میں قتل کیے جانے اور امریکی تحقیقاتی اداروں کی تفتیش کے گرد گھومتی ہے۔
فلم میں امریکا کے خفیہ تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی اوساگے قبیلے کے افراد کو قتل کیے جانے کی تحقیق کے طریقہ کار کو بھی واضح اور نمایاں انداز میں دکھایا جائے گا۔
فلم کی ہدایات نیٹ فلیکس کی معروف فلم آئرش مین کے فلم ساز مارٹن اسکارسز دیں گے جب کہ فلم میں لیونارڈو ڈی کیپریو اور رابن ڈی نیرو سمیت دیگر معروف اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
کلرز آف دی فلاور مون ایپل کی دوسری اوریجنل فلم ہوگی، جسے ویاکوم سی بی ایس اور پیراماؤنٹ پکچرز کے بینر تلے دنیا بھر کے سینما ہاؤسز میں ریلیز کرنے کے لیے تقسیم کیا جائے گا جب کہ اسے ایپل پلس ٹی وی پر بھی نشر کیا جائے گا۔
وال اسٹریٹ جرنلز کے مطابق ایپل انشورنس کی کوشش ہے کہ وہ اچھے مواد پر مبنی فلموں کے حقوق حاصل کرکے نیٹ فلیکس کے ساتھ فلم سازی میں مقابلہ کرے تاہم اس حوالے سے ایپل انشورنس کو بہت محنت کی ضرورت ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ فلم کی شوٹنگ آئندہ برس شروع کی جائے گی۔