ہانیہ عامر عظمیٰ خان کی حمایت میں سامنے آگئیں


کراچی: اداکارہ ہانیہ عامر اداکارہ عظمیٰ خان کو ہراساں کیے جانے پر اُن کی حمایت میں سامنے آگئیں۔

ہانیہ عامر نے انسٹام گرام ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے عظمیٰ خان کو زدو کوب کرنے والی خواتین پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام معاملہ طاقت کا ہے، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ اگر میری کسی سے لڑائی ہوجائے تو وہ لوگ طاقتور ہونے کی وجہ سے میرے گھر میں گھس آئیں، میری بہن پر تشدد کریں اور ہم پر مٹی کا تیل چھڑک دیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ یہاں بغیر اجازت کسی کے گھر میں گھسا گیا اور تقدس کا بھی خیال نہیں رکھا گیا، اس طرح کسی کے ہاں جانا کسی کو قتل کرنے کے مترادف ہے، یہ جرم ہے کیوں کہ اگر یہی کام اگر کوئی چور کرتا ہے اور کسی کے گھر میں گھس کر انہیں جانی نقصان پہنچاتا ہے تو پولیس اس چور کر پکڑ لیتی لیکن یہاں معاملہ کچھ اور ہے، یہ خاتون پاپا کی پرنسز ہیں اس لیے انہیں کچھ نہیں کہا جا رہا۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ عظمیٰ خان ایف آئی آر درج کروانے گئیں لیکن اُن کی ایک نہیں سنی گئی، کیا یہ خاندان قانون سے بھی بالا تر ہے؟ اور اگر اس بڑے خاندان کے خلاف آیف آئی آر درج ہو بھی جاتی ہے تو بعد میں ڈرا دھمکا کر کیس واپس لینے کا بھی کہا جائے گا جو کہ ہمارے لیے شرمندگی کی بات ہوگی اور یہ سب صرف اس لیے ہوسکتا ہے کہ کیوں کہ یہاں ایک پارٹی بہت امیر اور اثر و رسوخ والی ہے۔

ہانیہ عامر نے کہا کہ اگر یہ دو لڑکیاں کسی جرنیل کی بیٹیاں ہوتی اور اُن کی حفاظت کے لیے ان کے گھر کے باہر گارڈز کھڑے ہوتے تو پھر مارنے والے کسی کے گھر آنے سے قبل ضرور سوچتے کہ کہیں انہیں بھی مار نہ پڑ جائے لیکن انہوں نے نہیں سوچا کیوں کہ وہ لوگ بہت امیر ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں