ورلڈکپ میں بھارت انگلینڈ سے جان بوجھ کر ہارا؟ بین اسٹوکس نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا


لاہور: انگلش کرکٹر بین اسٹوکس نے ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کے جان بوجھ کر ہارنے کا انکشاف کرکے نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔

برطانوی کرکٹر نے اپنی کتاب بین اسٹوکس آن فائر میں لکھا ہے کہ ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف 338 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کی اپروچ حیران کن تھی۔ خاص طور پر دھونی اور ویرات کوہلی نے بڑے اسٹروکس کھیلنے کے بجائے سنگلز پر زیادہ اکتفا کیا۔ صرف پانچ وکٹیں گری تھیں اگر وہ چاہتے تو باآسانی آخری اوورز میں بڑی ہٹنگ کرسکتے تھے لیکن ایسا دیکھنے میں نہیں آیا۔

بین اسٹوکس نے لکھا ہے کہ وہ اس میچ میں انگلینڈ کو ہرا کر ورلڈکپ سے باہر کرسکتے تھے لیکن شاید سیمی فائنل میں پاکستان کا سامنا نہیں کرنا چاہتے تھے اس لیے میچ ہار کر نیوزی لینڈ سے کھیلنا ان کا پلان تھا۔پی سی بی نے اس معاملے پر تبصرہ سے گریز کیا ہے۔

واضح رہے کہ 2019 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے بھارت کے خلاف اپنے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 337 رنز بنائے تھے جب کہ بھارتی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز ہی بنا سکی تھی۔ مبصرین اور شائقین نے بھی بھارتی بلے بازوں کے انداز پر سوال اٹھائے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں