کراچی طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی ماڈل زارا عابد کی پہلی اور آخری مختصر فلم ’’سکہ‘‘ریلیز کردی گئی۔
کراچی ماڈل کالونی میں تباہ ہونے والے پی آئی اے کے طیارے پی کے 8303 میں دیگر مسافروں کے ہمراہ پاکستان کی نامور ماڈل زارا عابد بھی شامل تھیں جو حادثے کے نتیجے میں اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھیں۔ زارا عابد نے نہ صرف ماڈلنگ کی دنیا میں نام کمایا تھا بلکہ وہ مختصر فلم’’سکہ‘‘ کے ذریعے فلموں میں بھی قدم رکھنے جارہی تھیں۔
تاہم ان کی پہلی فلم ہی آخری فلم ثابت ہوئی اور اس فلم کی ریلیز سے قبل ہی زارا عابد دنیا چھوڑ گئیں۔ زارا عابد کی موت کے بعد ان کی فلم ’’سکہ‘‘کو یوٹیوب پر ریلیز کیاگیا ہے۔ یہ 10 منٹ دورانئے کی مختصر فلم ہے جس میں زارا عابد دو کرداروں میں نظر آرہی ہیں جن میں سے ایک کردارایک ماڈرن اور سیلف انڈیپنڈنٹ خاتون کا ہے جب کہ دوسرا ایک عام گھریلو لڑکی کا کردار ہے جسے زارا عابد نے بخوبی نبھایا ہے۔
فلم کی ہدایات احمد صارم نے دی ہیں، فلم میں کوئی ڈائیلاگ نہیں ہیں تاہم صبا قمر کی آواز میں فلم کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ یوٹیوب پر اس مختصر فلم کو 41 ہزار سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔ فلم ’’سکہ‘‘ کے ذریعے ہدایت کار نے زارا عابد کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔