پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاندار پر فارمنس کے باوجود سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم رہ جانے والے کرکٹرز کیلئے ‘ڈومیسٹک اے پلس’ کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستا ن کرکٹ بورڈ نے گزشتہ دنوں سینٹرل کنٹریکٹ کے 18 اور ایمرجنگ کیٹیگری کے 3 کرکٹرز کے ناموں کا اعلان کیا تھا تاہم ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کئی کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم رہ گئے تھے۔
پی سی بی ذرائع نے بتایا ہےکہ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان کی جانب سے دیگر کرکٹ میچز میں پرفارمنس دینے والے 10 کرکٹرز کو ‘ڈومیسٹک اے پلس’ کنٹریکٹ دینےکا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر مصباح الحق سے 10 نام بھی مانگ لیے ہیں اورپی سی بی جلد ان ناموں کا اعلان کردےگا۔
ذرائع کے مطابق ‘ڈومیسٹک اے پلس’ کنٹریکٹ کے تحت کھلاڑیوں کو ماہانہ ڈیڑھ لاکھ سے 2 لاکھ روپے تنخواہ دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد عالم، خوشدل شاہ ، عمران بٹ اور سمیع اسلم سمیت متعدد کرکٹرز کے نام اس کنٹریکٹ کیلئے زیر غور ہیں۔