کراچی: سندھ حکومت نے وزیراعظم کی جانب سے صوبوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی اپیل مسترد کردی ہے۔
کورونا وائرس سے متعلق وزیرا عظم کی گفتگو پر ردّعمل ظاہر کرتے ہوئے سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے کہا کہ وزیراعظم کے حکم کا احترام مگر پبلک ٹرانسپورٹ نہیں کھول سکتے کیوں کہ روزانہ کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر میں آج خود اعتراف کیا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے لوگ ایس او پی پر عمل نہیں کررہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجرون سے بار بار اپیل کی کے ایس او پی پر عمل کروائیں،اس کا نتیجہ بھی سب نے دیکھ لیا۔ایس او پی طے ہونے کہ بعدجب فیکٹری مالکان کو اجازت دی تو انہوں نے بھی ان پر عمل نہیں کیا۔ اس لیے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ نہیں کھول سکتے۔ وزیراعظم صاحب سے اپیل ہے کہ آئیں مل کر کام کریں اس وقت صوبوں کو آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ جمعے کو وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزرا اور معاونین خصوصی کے ساتھ ملک میں کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے متعلق اقدامات کے حوالے سے کی گئی گفتگو میں صوبوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی اپیل کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام ذرائع نقل وحمل کی بندش سے سب سے زیادہ غریب افراد متاثر ہورہے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب اور خیبر پختون خوا کی حکومتوں نے بھی ایس او پیز پر عمل درآمد کی شرط کے ساتھ اپنے اپنے صوبوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔