ٹوکیو: دنیا بھر میں ای بائیک یا برقی موٹرسائیکل کے کئی ڈیزائنوں پر کام ہورہا ہے اور اس ضمن میں ہوا بھرنے والی بائیک کی دلچسپ خبر ٹوکیو سے آئی ہے۔
اس ہلکی پھلکی موٹرسائیکل کو ہوا بھر کر چلایا جاتا ہے جس کے لیے ایئرپمپ درکار ہوتا ہے لیکن اگلے مرحلے میں اسے بائیک کے ساتھ ہی لگادیا جائے گا۔ اس کا نام پی او آئی ایم او یا پوئیمو رکھا گیا ہے جو ’پورٹیبل اینڈ انفیلٹیبل موبلِٹی‘ کا مخفف ہے۔
دیکھنے میں یہ چھوٹی اور خوبصورت موٹرسائیکل ہے جسے سمیٹ کر ایک بیگ میں رکھ کر اپنی پشت پر رکھا جاسکتا ہے۔ اس طرح یہ ہوا بھرنے والی برقی بائیک ہے۔ اپنے خوبصورت اور چھوٹے ڈیزائن کی وجہ سے اسے اٹھا کر پھرنا بہت آسان ہے۔
اگرچہ اس کے پہلے نمونے (پروٹوٹائپ) کی ویڈیو منظرِ عام پر آچکی ہے لیکن تجارتی ڈیزائن کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ فی الحال ایئرکمپریسر الگ سے دیا جارہا ہے جسے بعد میں بائیک کا حصہ بنادیا جائے گا۔ اس کا بیرونی ڈھانچہ مضبوط پلاسٹک سے بنا ہے جو ہوا بھرنے سے پھیل کر موٹرسائیکل کی شکل اختیار کرلیتا ہے اور اپنی سختی کی وجہ سے ایک سوار کا وزن برداشت کرسکتا ہے۔
چلاتے وقت آپ کے پیر اسٹیل کی پلیٹ پر ہوتے ہیں اور اسے چلانا بھی بہت آسان ہے۔ اگرچہ اس کی بیٹری کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہے لیکن غالب گمان ہے کہ بیٹری بائیک کے نچلے حصے میں ہے۔ دوسری حیرت انگیز بات یہ ہے کہ پوری بائیک کا وزن صرف ساڑھے پانچ کلوگرام ہے۔
لیکن ناقدین نے کہا ہے کہ اس کی رفتار بہت سست ہے اور کیا اسے طویل وقت کے لیے چلانا آسان بھی ہوگا۔ دوم اسے دوبارہ سکیڑ کر بیگ میں رکھنے میں کتنا وقت لگے گا۔ ان تمام سوالات کے جوابات اب تک نہیں ملے ہیں۔ لیکن اسی کمپنی نے کہا ہے کہ یہ ایک پروف آف کانسیپٹ ہے یعنی اس طرح کی کوئی شے تیار کی جاسکتی ہے۔
یہ کمپنی اگلے مرحلے میں ہوا بھرنے والا صوفہ یا کرسی تیار کرے گی جو شاید اس سے زیادہ مقبول ہوسکے۔