کراچی: پی سی بی نے پاکستان سے باہر بھی میچز کی براڈ کاسٹ میں جوئے کے اشتہار چلانے پر پابندی لگا دی۔
پی ایس ایل لائیو اسٹریمنگ رائٹس کا تنازع پی سی بی کیلیے درد سر بنا ہوا ہے،اب تک یہ معاملہ حل نہیں ہو سکا،گوکہ حکام کہتے ہیں کہ میڈیا پارٹنر نے غلطی کی مگر اسی کمپنی سے معاہدے میں بورڈ نے ملک سے باہر میچز کی اسٹریمنگ میں جوئے کی تشہیر کے حوالے سے مشروط اجازت بھی دی تھی، اس غلطی سے سبق سیکھتے ہوئے اب پی سی بی نے نئے میڈیا رائٹس کی کنسلٹنسی سروسز کی اضافی بڈ دستاویز میں واضح کر دیاکہ پاکستان سے باہر بھی میچز کی براڈ کاسٹ میں بیٹنگ کے اشتہار نہیں چل سکتے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ میڈیا رائٹس کنسلٹنسی سروسز کی بڈ دستاویز میں جوئے کی ڈیل کا تجربہ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، دریں اثناآر ایف پی (ریکوئسٹ فار پروپوزل) میں بھی تبدیلی کر دی گئی۔
پہلے یہ کہا گیا تھا کہ پاکستان سے باہر میڈیا رائٹس کی فروخت میں سب سے کم فیصد حصہ مانگنے والی کمپنی سے معاہدہ کیا جائے گا، مگر اب تکنیکی بڈ کے 65 اور مالی بڈ کے 35 فیصد نمبر کر دیے گئے ہیں، دونوں ملا کر زیادہ اوسط کی حامل کمپنی کو کنٹریکٹ ملے گا،کوالیفائی کرنے کیلیے 75 فیصد نمبر ہونا ضروری ہیں۔ بڈ جمع کرانے کی آخری تاریخ بھی بڑھا کر15 مئی کر دی گئی۔
اسپورٹس آرگنائزیشنز کو میڈیا رائٹس، اسپانسر شپ اور جوئے کی ڈیل میں مشاورت فراہم کرنے کے تجربے کے10 نمبر رکھے گئے ہیں، فیفا، یوئیفا، آئی سی سی، انگلش پریمیئر لیگ اور کرکٹ آسٹریلیا جیسی نیشنل کرکٹ آرگنائزیشن کے ساتھ کام کرنے کے بھی10 نمبر ہیں، کرکٹ آسٹریلیا، انگلش بورڈ، بھارتی یا نیوزی لینڈ بورڈ اور آئی سی سی کے ساتھ کامیاب میڈیا رائٹس معاہدوں کے40 نمبر ہیں،مجموعی طور پر اہلیت کے 6 معیار میں 100نمبر رکھے گئے ہیں۔
ذرائع پہلے ہی بتا چکے کہ پی سی بی آسٹریلوی کمپنی کولگن بیوئرسے معاہدے کا ذہن بنا چکا، آئی سی سی کے ایک آفیشل پس پردہ رہ کر کام کریں گے۔