مارچ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں واضح کمی


اسلام آباد: ملک میں لاک ڈاؤن کے دوران صنعتوں کے بند ہونے کے باعث بڑے پیمانے پر ہونے والی مینوفیکچرنگ یعنی لارج اسکیل مینوفیچکرنگ(ایل ایس ایم) کی پیداوار مارچ کے مہینے میں سالانہ بنیاد پر 22.95 فیصد کم ہوگئی۔

پاکستان ادارہ شماریات (پی ایس بی) کے جاری کردہ اعداد و شمار مارچ کے دوران عالمی معیشت کی سست روی کے مقامی مینوفیکچرنگ پر اثرات ظاہر کرتے ہیں جب صوبوں میں جزوی لاک ڈاؤن نافذ تھا۔

تاہم آئندہ ماہ جب پی ایس بی ڈیٹا جاری کرے گا تو اس میں اپریل میں نافذ ہونے والے مکمل لاک ڈاؤن کے اثرات کہیں زیادہ ہوں گے۔

ماہانہ بنیادوں پر لارج اسکیل مینوفیکچرنگ فروری کے مقابلے مارچ میں 21.99 فیصد کم رہی۔

فروری میں کووِڈ19 کے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ پر اثرات بہت معمولی تھے اور سالانہ بنیاد پر اس میں 1.15 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 0.91 فیصد کمی ہوئی تھی۔

اسی طرح مالی سال 20 کے جولائی تا مارچ کے دوران ایک سال قبل کے مقابلے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ 5.4 فیصد کم ہوئی۔

خیال رہے کہ حکومت نے لاک ڈاؤن جزوی طور پر ختم کر کے برآمداتی صنعتوں کو بین الاقوامی آرڈرز پورے کرنے کے لیے اپنے افعال بحال کرنے کی اجازت دی تھی۔

اس کے ساتھ مقامی ضروریات کو پورا کرنے والی صنعتوں کی بحالی بھی اجازت دے دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ملک کی مجموعی مینوفیکچرنگ میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کا حصہ 80 فیصد ہے اور یہ مجموعی قومی پیداوار کے تقریبا 10.7 فیصد کے برابر ہے۔

اس کے مقابلے چھوٹے پیمانے پر ہونے والی مینوفیکچرنگ مجموعی ملکی پیداوار(جی ڈی پی) کے 1.8 فیصد اور ثانوی سیکٹر کے 13.7 فیصد کے برابر ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں