اب شادی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: صنم ماروی


پاکستانی گلوکارہ صنم ماروی نے اپنی تیسری شادی سے متعلق چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی میں اور  بھی بہت سے مسائل ہیں، تیسری شادی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

اپنی شادی سے متعلق گلوکارہ صنم ماروی نے حال ہی اپنے ایک ویڈیو  بیان میں کہا ہے کہ اگر ایسا کچھ ہو گا تو سب سے پہلے آپ سب کو  پتہ لگے گا۔

صنم ماروی کا کہنا تھا کہ میں حامد صاحب کی فیملی سے بھی گزارش کروں گی کہ مجھ پر رحم کریں اور اب مجھے جینے دیں۔

 خیال رہے کہ صوفیانہ شاعری اور لوک گیتوں سے شہرت حاصل کرنے والی معروف گلوکارہ صنم ماروی نے چند ماہ قبل اپنے شوہر حامد علی سے خلع لینے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

گلوکارہ نے درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ حامد علی سے 2009 میں شادی ہوئی مگر شادی کے کچھ عرصے بعد شوہر کا رویہ بدل گیا، شوہر بچوں کے سامنے گالیاں دیتا اور مارتا پیٹتا ہے، میں صرف اپنے بچوں کی خاطر شوہر کا ظلم برداشت کرتی رہی۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ جھوٹ گھرانوں کی تباہی کا بڑا سبب ہے، 11 سال سے شوہر کا تشدد برداشت کر رہی تھی لیکن اب اس کے ساتھ مزید رہنا نہیں چاہتی۔

بعد ازاں لاہور کی فیملی کورٹ نے گلوکارہ صنم ماروی کی درخواست قبول کرتے ہوئے انہیں خلع کی ڈگری جاری کر دی تھی۔

واضح رہے کہ گلوکارہ کی حامد علی کے ساتھ دوسری شادی تھی جن سے ان کے تین بچے بھی ہیں جب کہ ان کی پہلی شادی آفتاب احمد سے ہوئی تھی جنہیں 2009 میں کراچی میں قتل کر دیا گیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں