قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تقرہباً تین سال کا عرصہ بیت چکا ہے لیکن وہ اب بھی شائقین میں یکساں مقبول ہیں۔
شاہد آفریدی دنیا بھر میں اپنی جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور تھے لیکن کیریئر کے دوسرے حصے میں ان کی باؤلنگ ان کا خاصا بن گئی تھی جس کی بدولت ان کا جشن منانے کا انداز بھی شائقین کو بہت پسند تھا۔
حال ہی میں کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ ‘کرک انفو’ کی جانب سے پول کے ذریعے عوام سے رائے مانگی گئی کہ انہیں دنیا بھر میں کس کرکٹر کا جشن منانے کا انداز سب سے زیادہ پسند ہے۔
اس سلسلے میں شاہد آفریدی کا مقابلہ بھارتی ٹیم کے موجودہ کپتان کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کے شیلڈن کوٹریل، ڈیوین براوو، کرس گیل، کیسرک ولیمز اور عمران طاہر سمیت مختلف کرکٹرز سے ہے۔
ووٹنگ میں شاہد آفریدی دیگر کھلاڑیوں پر سبقت لے گئے اور شائقین نے 3 ہزار 800 سے زائد ووٹ دے کر ان کے جشن منانے کے انداز کو سب سے زیادہ پسند کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے پہلی مرتبہ 2006 میں کیچ پکڑنے کے بعد اس انداز میں جشن منایا تھا جو بعد ازاں ان کا خاصا بن گیا اور اب بھی ہمیں پاکستان سپر لیگ میں وہ اس انداز سے جشن مناتے نظر آتے ہیں۔
عوام نے دوسرے نمبر پر ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر شیلڈن کوٹریل کے سیلیوٹ مار کر جشن منانے کے انداز کو سب سے زیادہ پسند کیا اور انہیں 2 ہزار 200 سے زائد ووٹ مل چکے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے عمران طاہر کا وکٹ لے کر دیوانہ وار جوش و خروش کے ساتھ گراؤنڈ میں بھاگنے کا انداز ہم سب کو پسند ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ایک ہزار 600 ووٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ ویرات کوہلی کو بھی ان کے انداز پر ڈیڑھ ہزار لوگ ووٹ دے چکے ہیں۔
پانچویں، چھٹے اور ساتویں نمبر پر بالترتیب ڈیوڈ وارنر، ڈیل اسٹین اور کرس گیل موجود ہیں،کرس گیل کے گینگم اسٹائل میں جشن کو ہزار سے کم ووٹس ملنا انتہائی حیران کن ہے۔
اس کے علاوہ فہرست میں شیکھر دھاون کا کبڈی اسٹائل میں جشن، ڈیوین براوو کا چیمپیئن ڈانس، رومان رئیس کا وکٹ لے کر بھی خاموشی سے جشن منانا اور کیسر ولیمز کا نوٹ بک پر دستخط کر کے جشن منانے کا منفرد اسٹائل بھی شامل ہے۔
انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان جو روٹ بھی منفرد انداز میں بلا ڈراپ کرنے پر فہرست کا حصہ بننے میں کامیاب رہے جبکہ روس ٹیلر کا سنچری کے بعد زبان نکالنا، بنگلہ دیشی وکٹ کیپر نظم الحسن کا ناگن ڈانس اور آندرے رسل کا خوبصورت ڈانس سے جشن منانا بھی ووٹنگ کے لیے فہرست کا حصہ ہے۔