جی جی حدید نے اُمید سے ہونے کی تصدیق کردی


فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل 25 سالہ جی جی حدید نے تصدیق کی ہے کہ وہ حمل سے ہیں اور وہ اپنے ہاں پہلے بچے کی متوقع پیدائش کے معاملے پر انتہائی پرجوش ہیں۔

گزشتہ چند دن سے خبریں تھیں کہ جی جی حدید شادی سے قبل ہی حاملہ ہوگئیں، تاہم اس حوالے سے انہوں نے خود کوئی تصدیق نہیں کی تھی۔

خبریں تھیں کہ جی جی حدید اور پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار 27 سالہ زین ملک شادی سے قبل ہی والدین بننے والے ہیں۔

امریکی میڈیا میں افواہیں آنے کے بعد اگرچہ جی جی حدید کی والدہ نے بھی تصدیق کی تھی کہ ان کی بیٹی اُمید سے ہیں، تاہم اب انہوں نے خود بھی اس بات کی تصدیق کردی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جی جی حدید جمی فالن کے ٹاک شو ٹونائٹ شو ود جمی فالن میں پیش ہوئیں، جہاں انہوں نے افواہوں کو ختم کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ حمل سے ہیں اور وہ اس بات پر انتہائی خوش ہیں۔

سپر ماڈل نے بتایا کہ وہ اور زین ملک اس بات پر بہت خوش ہیں کہ وہ والدین بننے والے ہیں اور انہیں یہ خبر مداحوں کو بتانے میں بھی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

ٹاک شو میں جی جی حدید نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کے ہاں رواں برس ستمبر کے آخر تک ننھے مہمان کی آمد ہوگی اور اس حوالے سے ان کے پورے اہل خانہ میں خوشی پائی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ امریکی و برطانوی شوبز شخصیات کے ہاں منگنی کرنے کے بعد ہی شادی سے قبل پہلے بھی بچوں کی پیدائش ہوچکی ہے اور مغربی ممالک کی اہم شخصیات کے ہاں اس عمل کو غلط نہیں سمجھا جاتا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جی جی حدید اور زین ملک نے منگنی بھی نہیں کی ہے اور ماضی میں ان دونوں کے تعلقات کشیدہ بھی رہے ہیں۔

زین ملک اور جی جی حدید کے درمیان ابتدائی طور پر 2015 میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ متعدد بار دیکھا گیا جب کہ دونوں میڈیا میں ایک دوسرے سے محبت کا بھی کھلم کھلا اظہار کرتے تھے۔

تاہم 2018 میں دونوں کے درمیان نامعلوم وجوہات کی بنا پر اختلافات ہوگئے اور دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی لیکن جنوری 2020 میں ایک بار پھر دونوں کے درمیان تعلقات استوار ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

جنوری 2020 کے بعد جی جی حدید اور زین ملک کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا تھا تاہم انہوں نے اپنے تعلقات بحال ہونے پر کھل کر بات نہیں کی تھی اور چند دن قبل ہی ان کے حوالے سے خبریں آنا شروع ہوئیں کہ دونوں شادی سے قبل والدین بننے والے ہیں۔

رپورٹس ہیں کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دونوں امریکا میں ایک ساتھ گھر تک محدود ہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں اپنے ہاں بچے کی پیدائش سے قبل منگنی کرلیں گے تاہم اس حوالے سے دونوں نے کوئی وضاحت نہیں کی۔


اپنا تبصرہ لکھیں