ممبئی: سابق مس یونیورس اور بالی ووڈ کی نامور اداکارہ سشمیتا سین کی ایک ویڈیو کو سوشل میڈیا پر کافی پسند کیا جارہا ہے جس میں وہ سورہ العصر پڑھتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔
سشمیتا سین نے اپنے لاکھوں مداحوں کو اس وقت خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا جب سوشل میڈیا پر لائیو چیٹ سیشن کے دوران انہوں نے قرآن پاک کی سورہ العصر پڑھی۔ سشمیتا سین نے سورہ العصر سے پہلے بسم اللہ پڑھی اس کے بعد سورہ العصر پڑھی۔انسٹاگرام پر لائیو چیٹ سیشن کے دوران سشمیتا سین کی بیٹیاں اور ان کے دوست بھی موجود تھے اور سشمیتا سین کی ایک بیٹی نے بھی اپنی والدہ کے ساتھ سورہ العصر پڑھی۔
اسی سیشن کے دوران ایک مداح نے سشمیتا سین سے پاکستان آنے سے متعلق سوال پوچھا اور کہا ہم آپ کا انتظار کررہے ہیں تو اداکارہ نے جلد ہی پاکستان آنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کہا امید کرتی ہوں جلد آؤں گی۔ سشمیتاسین نے مزید کہا کہ وہ تین بار کراچی آچکی ہیں اور تینوں بار انہیں بے حد محبت ملی تھی۔ تاہم اس دورے کو بہت لمبا عرصہ گزر چکا ہے۔
واضح رہے یہ پہلی بار نہیں ہے جب سشمیتا سین نے سورہ العصر کی تلاوت کی ہو اس سے قبل 2017 میں شارجہ میں ایک تقریب کے دوران ایک صحافی نے سشمیتا سین سے کہا تھا کہ آپ پاکستان اور بھارت میں امن کے لیے کیا پیغام دینا چاہیں گی؟ جس کے جواب میں اداکارہ سشمیتا نے قرآن پاک کی سورہ العصر کی تلاوت کرکے تقریب میں موجود تمام لوگوں کو حیران کردیا تھا۔