واشنگٹن/ بیجنگ: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں ہروانے کے لیے کورونا وائرس کو امریکا میں پھیلانے کا الزام عائد کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں ایک بار پھر چین پر سازش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نومبر میں صدارتی الیکشن ہونے جا رہے ہیں اور چین نہیں چاہتا کہ میں اس بار بھی کامیاب ہوجاؤں اس لیے چین نے کورونا وائرس کو بے قابو ہونے دیا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ چین انہیں الیکشن ہروانے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے اور کورونا وائرس کی وبا کو بے قابو ہونے دینا، درست معلومات نہ دینا اور حقائق چھپانا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے تاکہ امریکی عوام متنفر ہو جائے۔
چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں صدر ٹرمپ کے دعوے کو جھوٹا اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین امریکی الیکشن میں مداخلت کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا اور نہ ہی یہ ہمارا استحقاق ہے۔ امریکا میں کورونا وائرس وبا کی تباہی بدانتظامی کی وجہ سے ہے، امریکی صدر کو اس پر توجہ دینا چاہیئے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس وبا کی ابتدا سے ہی چین کو ذمہ دار قرار دیتے آئے ہیں اور ہمیشہ اس وائرس کو چائنا وائرس کہہ کر پکارا ہے تاہم چین نے ان تمام الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔