بیجنگ: کورونا وائرس سے متعلق آن لائن گیم کو چین نے جھنڈے سے مشابہت رکھنے پر سیاسی ایجنڈے کا الزام عائد کرتے ہوئے ملک میں پابندی عائد کردی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے ایک آن لائن گیم پر پابندی عائد کردی ہے، اس کھیل میں کھلاڑی کو کورونا وائرس کو ایک ایسے ملک سے باہر نکلنے سے روکنا ہوگا جو کورونا وبا کے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے تاکہ یہ وائرس آفت زدہ ملک سے نکل کر پوری دنیا میں پھیل کر تباہی نہ مچا سکے۔
اگر کھلاڑی اس ’ خود غرض زومبی وائرس‘ کو نہیں ماریں گے تو یہ پوری دنیا میں پھیل جائے گا۔ یہاں اشارہ چین کی جانب ہے اسی طرح تائیوان اور ہانک گانگ کو بھی چین کا حصہ نہیں دکھایا گیا جس پر چینی صارفین نے شکایات کے انبار لگا دیئے تھے۔
صارفین کی جانب سے شکایات ملنے پر چین کی حکومت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اس آن لائن گیم پر ملک بھر میں پابندی عائد کردی تاہم دیگر ممالک میں یہ گیم اب بھی مقبول ہے۔ چینی حکومت نے دعویٰ کیا کہ چین مخالف سیاسی ایجنڈے کے تحت اس گیم میں کورونا وائرس جیسی قدرتی آفت کا مذاق بنایا اور لاشوں کو تضحیک کی گئی ہے۔