بالی وڈ اسٹار عرفان خان کے ساتھ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں کام کرنے والی پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ صبا قمر نے عرفان خان کے ساتھ 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہندی میڈیم‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے اور مداحوں کو دونوں کی جوڑی خوب بھائی تھی۔
فلم نے باکس آفس پر بھی کمال کیا تھا اور 100 کروڑ سے زائد کی کمائی کی تھی جبکہ فلم میں صبا قمر کی ادکاری کو بھی بے حد سراہا گیا تھا۔
فلم میں مرکزی کردار کرنے والے عرفان خان آج ممبئی میں انتقال کرگئے ہیں جس پر صبا قمر بھی افسردہ ہیں۔
اس حوالے سے صبا قمر کا کہنا تھا کہ عرفان خان عظیم اداکار تھے جن سے بہت کچھ سیکھا، عرفان خان اوران کے کام کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ عرفان خان کی صحت کے بارے میں پوچھتی رہتی تھی لیکن علاج کے دوران ان سے کبھی رابطہ نہیں ہوا۔
قبل ازیں اداکارہ نے انسٹاگرام پر فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیٹ کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ عرفان خان کے انتقال کی جب سے خبر سنی ہے، بہت افسردہ ہوں، ایسا لگتا ہے کہ کل ہی کی بات ہے کہ ’ہندی میڈیم‘ کے سیٹ سے واپس آئی ہوں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ‘آپ نے مجھے بطور اداکار اور مینٹور بہت کچھ سکھایا، بہترین اداکار جلد اس دنیا سے چلا گیا اور یہ سنیما کا بہت بڑا نقصان ہے’۔
خیال رہے کہ 53 سالہ عرفان خان کولون (بڑی آنت) کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے کوکیلابین دھیروبھائی امبانی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں آج وہ چل بسے، انہیں کینسر کا عارضہ بھی لاحق تھا اور وہ کافی عرصے سے لندن میں علاج کرا رہے تھے۔