کراچی میں آج سے ہر طرح کے آن لائن کاروبار کی اجازت


کراچی میں آج سے ہر طرح کے آن لائن کاروبار کی مشروط اجازت کے بعد شہر میں کاروباری سرگرمیاں بحال ہونا شروع ہو گئیں۔

حکومت سندھ کی جانب سے کراچی کے تاجروں کو آن لائن کاروبار کے لیے مارکیٹیں پیر تا جمعرات صبح 9 تا سہہ پہر 3بجے تک کھولنے کی اجازت دی ہے۔

آن لائن کاروبار کے لیے دکانوں کے شٹر نہیں اٹھائے جائیں گے، اندر ایک دکاندار یاسیلز مین ہوگا۔

دکانوں میں گاہک ڈیل کرنے کی اجازت نہیں ہو گی، فروخت شدہ سامان کی گھروں پر ڈلیوری دی جائے گی، ڈلیوری کے لیے لوڈنگ ان لوڈنگ اسٹاف کو بھی اجازت ہو گی۔

ایس او پیز کے مطابق دکانوں کے شٹر صرف ڈلیوری اور پروکیورمنٹ کے لیے کھولے جائیں گے اور گودام کے اندر بھی ایک آدمی موجود ہوگا۔

آن لائن کاروبار کے لیے 5 ہزار دکانداروں نے کوائف نامے پُر کر لیے، دکاندار کوائف نامے آج محکمہ داخلہ سندھ میں جمع کرائے جائیں گے۔

دکاندار تھرمل گن ،فیس ماسک،سینیٹائزر،اور گلوز کا استعمال کریں گے، محکمہ صحت کی ٹیم کسی بھی وقت ملازمین کا کورونا ٹیسٹ کرنے کی مجاز ہو گی، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر دکان مالک ذمہ دار ہو گا اور اخراجات بھی ادا کرے گا۔

حکومتی ایس او پیز کے مطابق نزلہ زکام، بخار کی علامت کی صورت اسٹاف کو کام کی اجازت نہیں ہو گی۔

دوسری جانب صدر میں الیکٹرانکس اور موبائل مارکیٹ کے باہر بڑی تعداد میں دکاندار جمع ہو گئے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے کاروبار کھولنے سے منع کیا جا رہا ہے، کہا جا رہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر آفس سے دکانیں کھولنے کے اجازت نامے دکھائے جائیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا تھا کہ کراچی کے تاجروں کو آن لائن کاروبار کھولنے کی مشروط اجازت دے رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں