کورونا کے سائے میں میدان آباد کرنے کی پلاننگ شروع


دبئی: کورونا کے سائے میں کرکٹ میدان آباد کرنے کی پلاننگ شروع ہو گئی، محفوط واپسی کیلیے گائیڈ لائنز تیار ہونے لگی، آئی سی سی میڈیکل کمیٹی کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت کیلیے رہنما اصول وضع کرے گی، ممبر بورڈز کو باہمی سیریز میں اطلاق پر مجبور نہیں کیا جائے گا، ادھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی توجہ اپنے ایونٹس کے وقت پر انعقاد پر مرکوز ہے، کوالیفائنگ ٹورنامنٹ منعقد نہ ہوسکے تو رینکنگ کی بنیاد پر شریک ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی میڈیکل کمیٹی محفوظ ماحول میں  کھیل کی واپسی کیلیے گائیڈ لائنزتیار کرنے پر کام شروع کرچکی ہے، جمعرات کو چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کی ٹیلی کانفرنس میں میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی کے چیف پیٹر ہارکورٹ کو بھی کورونا وائرس کے اثرات پر روشنی ڈالنے کیلیے مدعو کیا گیا تھا۔ آئی سی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہارکورٹ نے اس میٹنگ میں بھی کرکٹ کی واپسی کیلیے رہنما اصولوں کی تیاری پر زور دیا، وائرس کا خطرہ بدستور موجود اور حوالے سے کوئی بھی فیصلہ آسان نہیں ہوگا، گائیڈ لائنز میں پلیئرز کی تیاری سے لے کر حکومتی پابندیوں تک کو مدنظر رکھا جائے گا، اگرچہ ابھی یہ کام ابتدائی مرحلے میں ہے مگر اس میں پلیئرز کے مخصوص وقت تک قرنطینہ شامل ہے۔

اسی طرح گیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی کی بات پہلے ہی سامنے آ چکی، چونکہ ابھی تک وائرس کی ویکسین تیار نہیں ہوئی، اس لیے فی الحال مکمل طور پر احتیاط برتی جائے گی۔ ایک سوال پر آئی سی سی آفیشل نے واضح کیا کہ عام طور پر ہم 2بورڈز کے درمیان باہمی سیریز کے حوالے سے کسی چیز کو زبردستی نافذ نہیں کرتے، البتہ چونکہ یہ گائیڈ لائنز سب کی بہتری کیلیے ہیں اس لیے انھیں نظر انداز کرنا مشکل ہوگا، تمام ممبر بورڈز خود بھی اپنے ممالک میں صحت کی صورتحال کے حوالے سے کافی محتاط ہیں۔

انھوں نے مزید کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ کو مجموعی طور پر زیادہ نقصان نہیں پہنچا تاہم اگر آئی پی ایل منسوخ ہوتی تو بی سی سی آئی اور سیزن شدید متاثر ہونے سے انگلینڈ کو زیادہ نقصان ہوگا، اس لیے ہماری توجہ اپنے ٹورنامنٹس کے شیڈول کے مطابق انعقاد پر مرکوز ہے کیونکہ اس میں سب کا فائدہ  ہے، آفیشل نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر کسی بھی وجہ سے کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کا انعقاد مشکل ہوا تب رینکنگ کی بنیاد پر ہی ایونٹس میں شریک ٹیموں کا انتخاب کرلیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں