آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ پر ممبرز کی رائے منقسم


کراچی: آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ پر ممبرز کی رائے منقسم ہے، بعض ارکان التوا چاہتے ہیں جبکہ چند کا خیال ہے کہ آئندہ برس شیڈول کے مطابق ہی فائنل منعقد کرایا جائے، آسٹریلیا ورلڈکپ کے انعقاد کیلیے پْرعزم تاہم اسے حکومتی ہدایات کا انتظار ہے،اسی طرح انگلش بورڈ پاکستان سے سیریزپر بھی صورتحال کا جائزہ لے کر ہی کوئی حتمی فیصلہ کرے گا۔

یہ تفصیلات پی سی بی کے  سی ای او وسیم خان نے آئی سی سی چیف ایگزیکٹیوزکی ویڈیو کانفرنس میں شرکت کے بعد نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو بتائیں، انھوں نے کہا کہ میٹنگ میں کوئی فیصلہ نہیں صرف تبادلہ خیال ہی ہونا تھا،12 ٹیسٹ اور3 ایسوسی ایٹ اقوام کے ٹاپ آفیشلز کو 5، 5 منٹ دیے گئے جس میں انھوں نے اپنے ملک میں کورونا وائرس کے سبب پیدا ہونے والی صورتحال اور حکومتی ہدایات سے آگاہ کیا، ساتھ یہ بھی بتایا کہ کرکٹ کب شروع ہو سکتی ہے، کرکٹ آسٹریلیا نے رواں سال شیڈول ورلڈکپ کے انعقاد کا عزم ظاہر کرتے ہوئے حکومتی ہدایات کے انتظار کا بتایا، جس سے ان کو سفری پابندیوں اور سماجی دوریوں کے حوالے سے آگاہی حاصل ہوگی۔

آئی سی سی نے طے کیا کہ ارکان ہر ماہ اپنے ملک کی صورتحال پر میٹنگ میں بریفنگ دیتے رہیں گے، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ خالی گراؤنڈز میں میچز کا آپشن ضرور موجود ہے مگر آسٹریلوی حکومت اپنے بورڈ کو اقدامات کا بتائے گی،ابھی پوری دنیا پر مشکل وقت ہے، آئندہ ماہ تک صورتحال بہتر ہوتی ہے یا مزید خراب یہ کوئی نہیں جانتا،اس لیے صرف اچھے وقت کا انتظار ہی کیا جا سکتا ہے۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کے حوالے سے سوال پر وسیم خان نے کہا کہ اس پر رائے منقسم ہے،بعض ممالک ملتوی کرنے کا کہہ رہے ہیں جبکہ چند کا خیال ہے کہ2021میں ہی فائنل کرایا جائے، ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انگلینڈ سے سیریز کے مستقبل پر انھوں نے کہا کہ فی الحال انتظار کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے،اگست میں ابھی وقت ہے،انگلش بورڈ صورتحال کا جائزہ لے کر ہی کوئی قدم اٹھائے گا، انھیں بھی حکومتی ہدایات کا انتظار ہے، ہم اپنے کھلاڑیوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ہی فیصلہ کریں گے،سی طرح کی صورتحال آئرلینڈ سے سیریز کے حوالے سے بھی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں