پاکستان کی میزبانی میں جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون تنظیم (سارک) کے وزرائے صحت کی ویڈیوکانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں سارک کےتحت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کانفرنس کی صدارت کی، اجلاس میں سارک کے سیکرٹری جنرل سمیت سارک ممالک کے وزرائے صحت اورصحت کے شعبہ سے متعلقہ سینیئر حکام شریک ہوئے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ تمام سارک ممالک نے کورونا وائرس کے حوالے سے اپنے اپنے تجربات سے آگاہ کیا اور پاکستان کے سارک وزرائےصحت کی ویڈیوکانفرنس منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا۔
ترجمان کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹرظفر مرزا نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا اور پاکستان کی کوششوں اور نیشنل ایکشن پلان سے بھی آگاہ کیا۔