‘پاکستان نے عامر کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہ کیا تو یہ سنگین غلطی ہوگی’


قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ اگر پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں محمد عامر کو منتخب نہ کیا تو یہ سنگین غلطی ہو گی۔

ایک انٹرویو کے دوران مکی آرتھر نے کہا کہ عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کے حوالے سے ان سے بات کی تھی، ہم نے اس پر بہت بات کی تھی اور شاید انہیں ٹیسٹ میچ کھلانے کے حوالے سے میرا رویہ انتہائی سخت تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نظر آرہا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں عامر کی دلچسپی کم ہوتی جارہی تھی اور ان کا جسم تینوں فارمیٹس کا دباؤ جھیلنے کے قابل نہیں رہا تھا۔

عامر نے گزشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا تھا اور ساتھی فاسٹ باؤلر وہاب ریاض بھی ان کی تقلید کرتے ہوئے کھیل کے سب سے طویل فارمیٹ سے علیحدہ ہو گئے تھے جس پر دونوں کھلاڑیوں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مکی آرتھر نے کہا کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ عامر پاکستان کے ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے، وہ ایک میچ ونر ہیں، اگر پاکستان انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ میں منتخب نہیں کرتا تو اس سے ان کے ٹائٹل جیتنے کے امکانات خود بخود کم ہو جائیں گے۔

مکی آرتھر نے عامر اور وہاب کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت ان دونوں کھلاڑیوں کو اپنے محدود اوورز کے کیریئر کو طول دینے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ عامر اور وہاب کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ سے متعلق فیصلے پر موجودہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کے ساتھ ساتھ باؤلنگ کوچ وقار یونس نے بھی برہمی کا اظہار کیا تھا۔

اس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاید مصباح الحق دونوں ہی کھلاڑیوں کو محدود اوورز کی کرکٹ میں بھی دوبارہ قومی ٹیم میں شامل نہ کریں تاہم مکی آرتھر نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو یہ پاکستان کی بڑی غلطی ہوگی۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2019 کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے مکی آرتھر سمیت پوری ٹیم مینجمنٹ کو فارغ کرتے ہوئے مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کا منصب سونپ دیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں