بھارتی نیوی کے 21 اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تشخیص


بھارت کے شہر ممبئی میں واقع بھارتی نیوی کے اہم مرکز میں 21 اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق کردی گئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی وزارت دفاع کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ممبئی کے مغربی علاقے میں قائم نیول بیس میں کورونا وائرس پھیل گیا ہے۔

بھارتی نیوی نے اپنے بیان میں کہا کہ ویسٹرن کمانڈ فورس کے مرکز آئی این ایس آنگرے میں 21 اہلکاروں میں کووڈ-19 (کوروناوائرس) کی تشخیص ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی جہاز میں یا آبدوز کے حوالے سے اس طرح کی کوئی رپورٹ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ بھارت وزارت صحت کے تازہ اعداد وشمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 11 ہزار 906 ہوچکی ہے جبکہ 480 افراد ہلاک ہوئے۔

بھارتی نیوی نے اپنے بیان میں کہا کہ رواں ماہ کے اوائل میں ٹیسٹ مثبت آنے والے ایک فوج سے ملنے والے کئی اہلکاروں کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جن میں سے اکثر کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام متاثرہ اہلکار زیرعلاج ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی نیوی کے متاثرہ تمام اہلکار ایک ہی بلاک میں رہتے ہیں جس کو آئسولیش زون قرار دیا گیا اور لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

نیوی کے سربراہ ایڈمرل کرامبر سنگھ نے گزشتہ ہفتے اہلکاروں کے نام اپنے پیغام میں زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ بحری جہازوں اور سبمرین کو وائرس سے پاک رکھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘کورونا وائس کی وبا غیر روایتی ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں آئی، اس کے اثرات بھارت سمیت پوری دنیا میں غیرمعمولی انداز میں پڑے ہیں’۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی نیوی ملک میں کورونا وائرس کے خلاف فعال کردار ادا کررہی ہے۔

بھارتی نیوی نے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیےاپنے ہسپتالوں میں آئسولیشن مراکز قائم کردیے ہیں، اس کے علاوہ قرنطینہ مراکز بھی بنائے گئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی نیول بیس میں غیر ملکی جہازوں میں وائرس کی رپورٹ کا جائزہ لیا جارہا ہے اور کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے شروع میں یو ایس ایس روزویلٹ نامی جہاز میں 500 سے زائد جہازرانوں کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا جن میں سے ایک کا انتقال ہوگیا تھا۔

اسی طرح فرانس کے چارلس ڈی گال میں 2ہزار میں سے 668 اہلکاروں کو وائرس سے متاثرہ قرار دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ دنیا میں اس وقت کورونا وائرس سے اموات کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 272 ہوگئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 22 لاکھ 79 ہزار 189 ہوچکی ہے جبکہ 5 لاکھ 82 ہزار 903 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بھارت میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 15 فروری کو رپورٹ ہوا تھا اورعالمی سطح پر کورونا وائرس کے اعداد و شمار رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق اب مجموعی تعداد 14 ہزار 792 ہوگئی ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق بھارت میں 488 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 45 متاثرین صحت یاب ہوچکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں