‘مسلسل کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے میرا کیرئیر جلد ختم ہونے کا خدشہ تھا’


قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ مسلسل کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے میرا کیرئیر جلد ختم ہونے کا خدشہ تھا۔

فاسٹ بولر محمد عامر نے برطانوی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزید 5 سے 6 سال کرکٹ کھیلنے کے لیے  ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی ہے۔

محمد عامر نے کہا کہ  گزشتہ 3 سال سے میں ہر فارمیٹ کی کرکٹ کھیل رہا ہوں، میں نے ورلڈ کپ 2019 بھی انجری میں کھیلا تھا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اور ماضی کے عظیم فاسٹ بولر وقار یونس نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ لے کر انٹر نیشنل لیگز کی وجہ سے وائٹ بال کرکٹ پر فوکس کرنے والے سینئر بولرز  وہاب ریاض اور محمد عامر کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

وقار یونس نے سڈنی سے پاکستانی صحافیوں کے ساتھ ویڈیو لنک پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرکٹرز نے کبھی فیصلہ نہیں کیا کہ یہ میچ ہمارا آخری میچ ہے، اس کے بعد جب بورڈ نکالتا ہے تو ہم روتے ہیں، اس لیے کھلاڑیوں کو بھی کھلے ذہن کے ساتھ فیصلہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا تھا کہ وہاب اور عامر نے اپنا فیصلہ کرتے وقت سوشل میڈیا سہارا لیا اور بورڈ کو بتانے کی بھی زحمت نہیں کی، اس قسم کے فیصلوں سے ملک کو نقصان ہوتا ہے، وہاب اور عامر کے فیصلے کے بعد آسٹریلیا کے مشکل دورے سے قبل ہم نوجوان بولرز کی جانب گئے۔

واضح رہے کہ محمد عامر اور وہاب ریاض نے گزشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا


اپنا تبصرہ لکھیں