کورونا وبا: برطانوی شہزادی کی شادی بھی منسوخ


لندن: کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث ملکہ برطانیہ کی پوتی، شہزادی بیٹریس اور ان کے منگیتر ایڈورڈو میبل موتزی کی شادی بھی منسوخ ہوگئی ہے۔

خبروں کے مطابق، اکتیس سالہ شہزادی بیٹریس کی شادی گزشتہ ماہ یعنی مارچ میں ہونا تھی اور بکنگھم پیلس کی جانب سے اس کا اعلان بھی کردیا گیا تھا لیکن ناول کورونا وائرس کی عالمی وبا اور برطانیہ میں اس کی شدت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے یہ تقریبات مؤخر کردی گئی تھیں۔ تاہم اس بارے میں کوئی واضح اعلان سامنے نہیں آیا تھا۔

گزشتہ روز اس بارے میں شہزادی بیٹریس کی جانب سے ایک نیا اعلان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اپنی شادی کی تقریب منسوخ کرنے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔

برطانوی میڈیا نے شہزادی بیٹرس اور ان کے منگیتر ایڈورڈ کے ترجمانوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ فی الحال وہ دونوں شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، اور یہ وقت شادی کے بارے میں سوچنے کا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مناسب وقت آنے پر شادی کا دوبارہ بندوبست کیا جائے گا لیکن فی الحال یہ پروگرام منسوخ کردیا گیا ہے۔

بکنگھم پیلس نے اب تک ان خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ 31 سالہ شہزادی بیٹریس، شہزادہ اینڈریو کی بیٹی ہیں جو ’’پرنس آف یارک‘‘ بھی ہیں۔ شہزادی کا مکمل نام ’’بیٹریس الزبتھ میری‘‘ ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں