دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد ڈیڑھ لاکھ تجاوز کر گئی جب کہ صرف امریکا میں 37 ہزار کے قریب اموات ہو چکی ہیں۔
امریکا کی جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 10 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جب کہ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کچھ ریاستوں سے کیسز رپورٹ نہ ہونے کے باوجود 30 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اعداد وشمار کے مطابق امریکا میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 37 ہزار 158 تک پہنچ چکی ہے جس میں سے صرف ریاست نیویارک میں 17 ہزار 131 اموات ہو چکی ہیں۔
چین کا ووہان سے باہر جانے والوں کو کورونا ٹیسٹ کرانے کا حکم
چین نےدنیا میں سب سے پہلے کورونا وائرس سے متاثرہ ہونے والے شہر ووہان میں 70 روز سے نافذ لاک ڈاؤن ختم کر دیا ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے شہرویوں کو ہدایت کی گئی ہے نوکری کے سلسلے میں شہر سے باہر جانے والوں کے لیے کورونا کا ٹیسٹ کرانا ضروری ہو گا جس کا خرچ حکومت برداشت کرے گی۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ووہا ن شہر کے زیادہ تر لوگ نرسنگ، درس و تدریس اور سیکیورٹی سے متعلق جاب کرتے ہیں جہاں ہر وقت عوام کا رش ہوتا ہے۔
چین میں وبا سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 ہزار 632 جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 82 ہزار 719 ہو چکی ہے۔
امریکا کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ریکارڈ ہو چکی ہیں جہاں اب تک 22 ہزار 745 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ ایک لاکھ 72 ہزار434 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
اسپین میں بھی کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 20 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ فرانس میں اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار 681 ہو چکی ہے۔
بیلجیم میں اموات 5 ہزار سے زائد ہو چکی ہیں جب کہ جرمنی میں 4 ہزار 352 اور ایران میں 4 ہزار 958 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔
دنیا بھر میں ہلاک افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار 270 جب کہ مریضوں کی تعداد 22 لاکھ 50 ہزار 945 ہو گئی ہے جس میں سے 5 لاکھ 71 ہزار 270 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔