صنعتوں کو عملی مدد کی فراہمی کیلیے اقدامات کر رہے ہیں، گورنر اسٹیٹ بینک


کراچی: اسٹیٹ بینک آ ف پاکستان کے گورنر باقر رضا نے کہا ہے کہ مرکزی بینک اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ باہمی مشاورت سے کام کررہاہے اورمشکل وقت میں صنعتوں کوعملی طور پر مدد فراہم کرنے بالخصوص افرادی قوت کی مالی استطاعت برقرار رکھنے کیلیے مناسب اقدامات کررہاہے۔

اسٹیٹ بینک کا مستقل طور پر بینکوں سے بھی رابطہ رہتا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بناجاسکے کہ مرکزی بینک نے جو اقدامات کیے ہیں ان کے مقاصد حاصل کرنے کے لیے برق رفتاری سے عمل درآمد ممکن بنایا جاسکے، یہ بات انھوں نے کارکنوں کو بے روزگاری سے بچانے کے لیے متعارف کرائی گئی ری فنانس اسکیم فار پیمنٹ آف ویجز اینڈ سیلریز ٹو دی ورکرز اینڈ ایمپلائز آف بزنس کنسرنس پر ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان ( ای ایف پی)کے ڈائریکٹرزکے ساتھ تبادلہ خیال کے لیے 75منٹ دورانیے پر مشتمل وڈیو کانفرنس اجلاس میں کہی۔

ڈاکٹر باقر رضا نے اسکیم کے غلط استعمال سے بچنے کے لیے مناسب اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ یہ رقم براہ راست تنخواداروں اور اجرت پر کام کرنے والوں کے اکاؤنٹ میں منتقل نہیں کی جائے گی بلکہ آجروں کے ذریعے ادائیگی کی جائے گی، آجرقرض دینے والے بینک کو مکمل معلومات فراہم کرتے ہیں اور تنخواہوں کی ادائیگی کی رقم3ماہ کے لیے 200ملین روپے تک ہے ان کو ترجیح دی جائے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں