کراچی: پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے پرسب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
معروف اداکارہ صنم سعید نے کہا کہ ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھ سمیت تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے میں ہرممکن کوشش کی، وہ تمام لوگ جو دوسرے ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں وہ ہمت اورصبرسے کام لیں کیونکہ ان کی بھی مدد ہونے والی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ دوست احباب، خاندان، میڈیا، حکومت، یونین ، تمام ادارے سب مل کر بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو حفاظت کے ساتھ واپس لانے میں مدد کررہے ہیں۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ ان تمام لوگوں کواپنے وطن واپس آنے کے مرحلے سے متعلق آگاہ کریں گی تاکہ دوسرے محصورپاکستانی بھی تیاری کرسکیں اورپریشان نہ ہوں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظرپروازیں بند ہونے کے باعث بنکاک میں صنم سعید کے ساتھ ساتھ محب مرزا، سارہ لورین اورشمعون عباسی بھی پھنسے ہوئے تھے۔