دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کا اعزاز رکھنے والا فلم فیسٹیول ‘کانز’ کورونا وائرس کے باعث رواں سال اپنی اصل شکل میں منعقد نہیں ہوسکے گا۔
خیال رہے کہ فیسٹیول کے منتظمین نے گزشتہ ماہ کورونا وائرس کے باعث اس ایونٹ کو مؤخر کردیا تھا اور کہا تھا کہ اُمید ہے یہ اس سال جون یا جولائی میں منعقد کیا جائے گا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اب کانز فیسٹیول کے منتظمین نے ایک اور بیان جاری کردیا جس میں انہوں نے بتایا کہ اب ان کا اس فیسٹیول کو جون یا جولائی میں منعقد کرنے کا آپشن بھی ممکن نہیں ہوسکے گا۔
واضح رہے کہ فرانس میں بھی اس وقت لاک ڈاؤن نافذ ہے جبکہ حکومت نے رواں ہفتے لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا بھی اعلان کردیا ہے۔
اس سال کانز فلم فیسٹیول کا میلہ مئی میں سجنا تھا تاہم دنیا بھر میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے اسے مؤخر کردیا گیا تھا۔
جب اس فیسٹیول کو مؤخر کرنے کا بیان سامنے آیا تھا تو اس وقت کانز کے صدر پیئرس لیسکیور کافی حد تک پرامید تھے کہ رواں سال یہ ایونٹ ضرور منعقد ہوگا۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس کے باعث کانز فلم فیسٹیول ملتوی
اُس وقت میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں اُمید تھی کہ مارچ کے آخر تک کورونا وائرس کا زور کافی حد تک ٹوٹ جائے گا اور اپریل میں سب سکون کی سانس لے سکیں گے۔
تاہم پیر کو فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اعلان کیا تھا کہ وہ لاک ڈاؤن میں 11 مئی تک کی توسیع کررہے ہیں اور جولائی تک کسی قسم کے اجتماعات منعقد کرنے کی اجازت نہی دی جائے گی۔
بعد ازاں کانز انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ فرانسیسی صدر کی جانب سے کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے لاک ڈاؤن میں کی گئی مزید سختی کے بعد وہ فیسٹیول کو مزید مؤخر کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کر پائے۔
انتطامیہ نے اعتراف کیا کہ پہلے وہ مئی میں ہونے والے فیسٹیول کو جون یا جولائی میں منعقد کرنے کا اعلان کر چکے ہیں، تاہم موجودہ حالات سے اندازہ لگانا مشکل ہے کہ فیسٹیول نئے اعلان کردہ وقت پر ہوگا یا نہیں۔
انتظامیہ کے مطابق عین ممکن ہے کہ کانز فیسٹیول کو منعقد کرنے کی تاریخ ایک بار پھر تبدیل کرنی پڑے اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اگر فیسٹیول تاخیر سے بھی منعقد کیا گیا تو وہ ہر سال کی طرح نہیں ہوگا، اس بار فیسٹیول کو مختصر یا محدود کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس حوالے سے فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے بھی رجوع کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ تقریباً 3 ہفتوں تک جاری رہنے والے کانز فلم فیسٹیول میں دنیا بھر سے شوبز و فیشن کی دنیا کی شخصیات شرکت کرتی ہیں جب کہ اس میں فلموں کی نمائش سمیت متعدد شعبہ جات میں ایوارڈز بھی دیے جاتے ہیں۔
کانز فلم فیسٹیول کا میلہ کئی روز تک جاری رہتا ہے اور یہ میلہ ہر سال موسم بہار میں یورپی ملک فرانس کے شہر کانز میں سجتا ہے، جہاں دنیا بھر کے ستارے 2 ہفتوں سے زائد دن کے لیے جمع ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ فرانس میں ایک لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ اس وائرس سے 15 ہزار سے زائد لوگ اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
مزید برآں اب تک فرانس میں 28 ہزار 805 افراد اس وائرس سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔