امریکی ریاست نیویارک کے گورنر اینڈریو کوومو نے کہا ہے کہ اگر ہماری کارکردگی بہتر رہی تو برا وقت گزر چکا ہے جبکہ ریاست میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق اینڈریو کوومو کا البانی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ‘ریاست وائرس کے پھیلاؤ کو روک رہی ہے اور اگر ہم بہتر انداز میں مسلسل آگے بڑھتے رہے تو برا وقت گزر چکا ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ نیویارک میں اب تک کورونا وائرس سےہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جو درد و غم کی بدترین مثال ہے۔
کورونا وائرس کے کیسز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی ہسپتالوں میں داخل ہونے اور وینٹی لیٹرز میں منتقلی کی شرح میں کمی آئی ہے جو غیر اہم کاروبار کو بند کرنے جیسے سخت اقدامات کا نتیجہ ہے۔
اینڈریو کوومو نے کہا کہ گزشتہ روز 671 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اس سے قبل ہفتے کو 758 اموات ہوئی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور برا وقت ختم ہوسکتا ہے اگر ہم سخت اقدامات جاری رکھ پائے’۔
گورنر نیویارک نے کہا کہ ‘بدترین اعداد و شمار کو دو یا 3 تین میں تبدیل ہوتے دیکھ سکیں گے’ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ شہروں کو کھولنے کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔
دیگر ریاستوں کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیوجرسی، پنسلوانیا، ڈیلوار اور روڑآئس لینڈ کے گورنرز سے گزشتہ دنوں میں بات کی ہے تاکہ آنے والے دنوں میں کیا منصوبہ بنایا جائے اور کیا ہم مل کر کام کرسکتے ہیں۔
اس دوران ہلاکتوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایسٹر کے دن نیویارک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 10 ہزار 56 ہوگئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسٹر کا دن کئی حوالوں سے مقدس ہے لیکن اس مرتبہ انتہائی غمناک تھا اور ہلاک ہونے والے تمام افراد ہمارے ذہنوں میں زندہ ہیں۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 18 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہیں جبکہ ایک لاکھ 14 سے زائد افراد جان گنوا بیٹھے ہیں تاہم 4 لاکھ 30 ہزار متاثرین صحت یاب بھی ہوئے۔
امریکا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں 5 لاکھ 82 ہزار 65 کیسز کی تصدیق کی گئی جبکہ اموات کی تعداد میں بھی امریکا 23 ہزار 414 کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
کورونا وائس کی وجہ سے اگرچہ سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکا میں ہوچکی ہیں تاہم مجموعی طور پر ہلاکتوں کے حوالے سے براعظم یورپ سرفہرست ہے۔
جوہن ہاپکنز، عالمی ادارہ صحت اور دیگر عالمی اداروں کی جانب سے بنائے گئے کورونا وائرس کے آن لائن میپ کے اعداد و شمار کے مطابق 13 اپریل کی دوپہر تک یورپ بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 80 ہزار تک جا پہنچی تھی۔
یورپ میں جہاں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوچکی ہیں، وہیں کورونا سے متاثر سب سے زیادہ مریض بھی اسی براعظم کے ہیں اور وہاں پر وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔