لیزر سے کسی بھی دھات کو بیکٹیریا کش بنایا جاسکتا ہے


نیویارک: ہم جانتے ہیں کہ بیکٹیریا دھاتی سطح پر بہت دیر تک زندہ رہتے ہیں لیکن اب لیزر کے ذریعے کسی بھی دھاتی سطح پر خاص اشکال اور ڈیزائن ابھارتے ہوئے دھات کو بیکٹیریا ہلاک کرنے یا محفوظ بنانے کا کام کیا جاسکتا ہے۔

یہ طریقہ پوردوا یونیورسٹی کے ماہرین نے آزمایا ہے جس میں کسی اسپرے یا خاص کوٹنگ کی ضرورت نہیں پڑتی، بلکہ لیزر سے خاص نینو نقوش کاڑھ کر کسی بھی دھات کی سطح کو فوری طور پر بیکٹیریا کا قاتل بنایا جاسکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ انتہائی باریک نینو ابھار ایک جانب تو پیکٹیریا اور جراثیم کو ٹکنے نہیں دیتے تو دوسری جانب انہیں تباہ کردیتے ہیں۔

اس کی تفصیلات جرنل ایڈوانسڈ میٹریلز انٹرفیسِس میں شائع ہوئی جس میں انہوں نے تانبے کی سطح پر لیزر سےڈیزائن کاڑھے گئے تو انتہائی خطرناک اور مزاحم ایم آر ایس اے جیسا بیکٹیریا بھی فوری طور پر فنا ہوتے دیکھا گیا جسے اب ماہر سپربگ بھی کہتے ہیں۔

واضح رہے کہ تانبا قدرتی طور پر بیکٹیریا اور جراثیم کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو صدیوں سے ہمارے علم میں ہے لیکن اس میں کئی گھنٹے لگتے ہیں۔ پوردوا یونیورسٹی کے نائب پروفیسر رحیم رحیمی نے لیزر ڈیزائن کے بعد یہ کام منٹوں میں کردکھایا اور ایم آر ایس اے حیرت انگیز طور پر بہت جلدی ہلاک ہوگیا۔ لیکن اب تک اس طریقے سے کورونا وائرس کو ختم کرنے میں کوئی مدد نہیں مل سکی کیونکہ وائرس بیکٹیریا سے بہت بہت چھوٹے ہوتے ہیں۔

اس کامیابی کے بعد رحیم اور ان کے ساتھیوں نے لیزر کو دوسری دھاتوں اور پالیمر پر آزمایا جو گہرے زخموں کو ڈھانپنے یا پھر جسم کے اندر پیوند میں استعمال ہوتی ہیں۔ اس طرح جسم کے اندر دھاتوں پر بھی بیکٹیریا جمع نہیں ہوسکیں گے اور انسانوں کے لیے مرض یا مشکل کی وجہ نہیں بن سکیں گے۔

اس طرح کسی بھی دھات کو اور جسم میں لگائے گئے کسی بھی آلے کو صرف لیزر سے اینٹی بایوٹک بنایا جاسکتا ہے اور مزید اینٹی بایوٹک دواؤں کی کوئی ضرورت نہیں رہے گی۔ اس ٹٰیکنالوجی میں دھاتوں پر انتہائی باریک نینو ابھار کاڑھے جاتے ہیں اور وہ ہموار سے ریگ مال جیسے کھردرے ہوجاتے ہیں۔ نینوپیمانے کی نوکیں ابھر آتی ہیں اور بیکٹیریا ان پر گرتے ہیں گویا پنکچر ہوکر ختم ہونے لگتے ہیں۔

اس ٹیکنالوجی کا ایک اور فائدہ بھی دیکھنے میں آیا کہ دھاتوں کی سطح پر کوئی بھی مائع جمع نہیں ہوسکتا تھا یعنی ہائیڈروفوبک ہوگیا تھا۔ اس طرح مریضوں کی ہڈیوں سے جڑی دھاتی پلیٹوں کو مزید مضبوطی سےجوڑنے میں بھی مدد مل سکے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں