آئی ٹو آئی اور اینجل سے مقبول ہونے والے پاکستانی گلوکار طاہر شاہ نے اپنا نیا گانا ‘فرشتہ’ جاری کر دیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر میمز کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو گیا۔
طاہر شاہ نے جب گزشتہ روز ٹوئٹر اکاؤنٹ سے گانا ریلیز ہونے کی اطلاع دی تو صارفین کی جانب سے ان کا نیا گانا سننے کے فوراً بعد ہی ہیش ٹیگ طاہر شاہ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
ناصرف ٹوئٹر بلکہ طاہر شاہ کا گانا ‘فرشتہ’ یوٹیوب کی بھی ویڈیوز میں ٹاپ پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔
گلوکار طاہر شاہ کا نیا گانا ‘فرشتہ’5 منٹ 44 سیکنڈز پر مبنی ہے جس کی ویڈیو گرافکس طرز پر بنائی گئی ہے جب کہ اس گانےمیں بچوں کو فرشتہ صفت انسان کہا گیا ہے۔
طاہر شاہ کا یہ گانا ان کے 4 سال قبل ریلیز ہونے والے گانے ‘اینجل’ کا اردو ورژن لگ رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے طاہر شاہ کے گانے فرشتہ پر طنز و مزاح سے بھرپور میمز شیئر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
‘حکومت کو یہ گانا گلیوں میں چلانا چاہیے تاکہ لوگ اپنے گھروں میں ہی رہیں’
صدف نامی صارف کہتی ہیں کہ طاہر شاہ کو اس گانے کو انگریزی سے اردو کرنے میں 4 سال لگے ہیں، حکومت کو چاہیے کہ یہ گانا گلیوں میں چلائے تاکہ لوگ اپنے گھروں میں ہی رہیں۔
‘کورونا بھی طاہر شاہ کا گانا سن کر مر جائے گا’
عدنان نے خود سے سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا کورونا طاہر شاہ کے گانے سے مر سکتا ہے؟ اس سوال کا جواب بھی خود ہی دیتے ہوئے عدنان نے کہا کہ ظاہر ہے کورونا طاہر شاہ کے گانے سے مر جائے گا۔
‘طاہر شاہ کا گانا سننے کے بعد معروف سیاست دانوں کے ردِ عمل’
‘اپنے کانوں کو ڈیٹول سے دھوئیں’
احمد نامی صارف کہتے ہیں کہ کینسر آگیا ہے اپنے کانوں کو ڈیٹول سے دھوئیں۔