کورونا وائرس کے باعث امریکا میں ایک اور ہلاکت خیز دن دیکھنے میں آیا جہاں 2 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 2 ہزار 35 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد امریکا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں ایک روز میں دو ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔
امریکا میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 700 سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 33 ہزار نئے مریضوں کے ساتھ مجموعی تعداد 5 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
امریکی ریاست نیو یارک میں آج بھی 777 افراد جان سے گئے اور 10ہزار نئے کیس رپورٹ ہوئے، نیو یارک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد1 لاکھ 72 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ مجموعی ہلاکتیں 7 ہزار 844 ہو چکی ہیں۔