کیا آپ کسی بیماری کا شکار تو نہیں؟ اب اس کی تشخیص ٹوائلٹ سیٹ سے ممکن ہوسکے گی۔
جی ہاں امریکا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی نے ایسا اسمارٹ ٹوائلٹ تیار کیا ہے جو لوگوں کو شناخت کرنے کے ساتھ فضلے اور پیشاب کے ذریعے ان کی صحت کی مانیٹرنگ بھی کرسکتا ہے۔
جریدے نیچر بائیو میڈیکل انجنیئرنگ میں شائع مضمون میں اس اسمارٹ ٹوائلٹ کی خصوصیات بیان کی گئیں جو کہ صحت پر نظر رکھنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کیمرے اور موشن سنسرز کی مدد سے یہ ٹوائلٹ سسٹم فضلے اور پیشاب کے ذریعے متعدد امراض بشمول قولون اور مثانے کے کینسر کو شناخت کرسکتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ پہلے تو اس خیال پر لوگوں نے خوب قہقہے لگائے تھے مگر ہر ایک کو ہی ٹوائلٹ استعمال کرنا ہوتا ہے اور اسے امراض پکڑنے والی ڈیوائس بنانے کا خیال بہت دلچسپ تھا۔
اس میں لوگوں کی شناخت کا سسٹم موجود ہے جو کولہے کی مدد سے کسی کو پہچان سکتا ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق بظاہر تو یہ عجیب لگتا ہے مگر فنگرپرنٹ کی طرح کولہے بھی مختلف ہوتے ہیں۔
فی الحال یہ ٹوائلٹ سسٹم ابتدائی مراحل سے گزار رہا ہے یعنی ڈاکٹر کا متبادل نہیں، مگر یہ لوگوں کو خبردار ضرور کرسکتا ہے تاکہ وہ طبی امداد کے لیے رجوع کرسکیں۔
یہ ٹوائلٹ فضلے کے نمونوں کا تجزیہ الگورتھم میں کرکے اس میں امراض کے عناصر کو شناخت کرتا ہے۔
اسی الگورتھم میں پیشاب کا تجزیہ بھی کیا جاتا ہے اور اس میں غیرمعمولی تبدیلیوں کو دیکھا جاتا ہے۔
اس ٹوائلٹ کو 21 افراد نے آزمایا جبکہ مزید 300 کو تحقیق کا حصہ بنایا جارہا ہے اور ان میں سے بھی 52 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ اس خیال سے مطمئن ہیں۔