اشنا شاہ کو ڈاکٹروں پر تنقید کے بعد معافی مانگنا پڑ گئی


کورونا وائرس کی جنگ میں پوری دنیا کے ڈاکٹرز اور طبی عملہ فرنٹ لائن فائٹرز ہیں جنہیں خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔

مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سب ہی ڈاکٹرز اور طبی عملے کی خدمات پر سلام پیش کر رہے ہیں کیونکہ وہ صرف مریضوں کا علاج ہی نہیں بلکہ اپنی جان ہتھیلی میں رکھ کر ان کا ہر ممکن خیال کر رہے ہیں۔

 سوشل میڈیا پر ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ایسی ویڈیوز وائرل ہیں جن میں وہ رقص کرتے ہوئے سماجی فاصلے کی آگاہی دے رہے ہیں اور  مریضوں کی صحتیابی کی خوشی میں بھی شامل ہو کر اس کے ساتھ رقص کر رہے ہیں۔

ان ویڈیوز نے جہاں سب کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیری وہیں ٹی وی اداکارہ اشنا شاہ نے اسے تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ’ میں حیران ہوں کہ کیا ڈاکٹرز، نرسوں کے پاس اتنا وقت ہے کہ وہ بریک لیں اور ڈانس کریں‘۔

اسکرین شاٹ—

اشنا شاہ  کو ڈاکٹرز اور طبی عملے پر تنقید کرنا مہنگا پڑا گیا اور ان کے مداح ہی اداکارہ پر برس پڑے۔

مداحوں نے ان کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز اور نرسیں بھی انسان ہیں انہیں بھی بریک لینے کا حق ہے اور اگر وہ بریک میں ریلیکس ہونے اور مریضوں کی خوشی میں شامل ہوتے ہیں تو اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔

تنقید کی بوچھاڑ ہونے کے بعد اداکارہ نے پوسٹ ہی ڈیلیٹ کردی لیکن ایک دوسری پوسٹ شیئر کرکے انہوں نے سب سے معذرت کی۔

اشنا شاہ نے اپنی پوسٹ میں وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ایسا کوئی مقصد نہیں تھا کہ وہ کسی کے جذبات مجروح کریں وہ صرف تذبذب کا شکار تھیں کہ طبی عملے کے پاس کیا ڈانس کاریوگراف کرنے کا وقت ہے کیونکہ اس وقت انہیں نیند پوری کرنی چاہیے۔

اداکارہ نے معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ ان کا بھی ماننا ہے کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو آرام ضرور کرنا چاہیے اس وقت وہ ہی مسیحا ہیں۔

اشنا شاہ نے آخر میں ڈاکٹرز اور طبی کا عملے کا شکریہ بھی کیا اور ان کی خدمات کو خوب سراہا۔


اپنا تبصرہ لکھیں