فلوریڈا: اس وقت امریکا میں کورونا وائرس سے پھیلنے والی وبا نے اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں۔ اس تناظر میں مایو کلینک کے ایک خود کار گاڑی بنائی ہے جو کورونا کے مشتبہ نمونوں کو لے کر ازخود ڈاکٹروں اور تجربہ گاہوں تک پہنچاسکے گی۔
تاہم یہ گاڑی ابھی حتمی تجربات کے آخری مراحل میں ہے جس کے بعد ہی اسے استعمال کیا جاسکے گا۔ اس میں ایک کارکن مہربند ڈبے میں نمونے سموکر اسے گاڑی میں رکھ دیتا ہے۔ اس طرح یہ مریضوں سے کووڈ 19 کے نمونے جمع کرنے والی پہلی کار بھی ہوگی جس میں کوئی ڈرائیور موجود نہیں۔
اس کے لیے مایوکلینک نے جیکسن ویلی کے محکمہ ٹرانسپورٹ اور بیپ نامی اسٹارٹ اپ کمپنی سے تعاون کیا ہے۔ اس ضمن میں پہلے چار گاڑیوں کو بہ یک وقت آزمایا جارہا ہے جسے خودکار شٹل قرار دیا جاسکتا ہے۔ یہ تجربات مایو کلینک فلوریڈا میں کئے جارہے ہیں۔
اس طرح کورونا ٹیسٹ کے لیے جمع نمونوں کو انسانی مداخلت کے بغیر ایک سے دوسری جگہ لے جانا ممکن ہوگا۔ یہاں تک کہ خود شہری بھی اپنے مشتبہ نمونے اس گاڑی کے سپرد کرسکیں گے جس سے باقی لوگوں کو کسی بھی انفیکشن سے بچانا ممکن ہوگا۔
اس کار کو بیپ کا نام دیا گیا ہے اور اسے مصنوعی ذہانت کے تحت اپنے راستے پر چلایا جارہا ہے۔