پاکستان کے معروف سائنسدان ڈاکٹر عطا الرحمان کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کیسز ایک لاکھ تک جاسکتے ہیں۔
ڈاکٹر عطا الرحمان نے جیو نیوز کے پروگرام “جیو پاکستان” میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس ٹیسٹنگ صلاحیت کی کمی ہے۔
انہوں نےکہا کہ جب تک ہم ٹیسٹنگ صلاحیت نہیں بڑھائیں گے، اس وقت تک ہمیں کنفرم تعداد معلوم نہیں ہوسکتی۔
ڈاکٹر عطا الرحمان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ کے بغیر ہم آگے نہیں چل سکتے جب کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے ہمیں تربیت یافتہ عملے کی بھی فوری ضرورت ہے۔
کورونا پر قابو پانے کیلیےایک دن میں 10 ہزار ٹیسٹ کرنا ہوں گے: ڈاکٹر سعید
دوسری جانب ماہر صحت ڈاکٹر سعید اختر نے “جیو پاکستان” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ملک میں کورونا ٹیسٹنگ بڑھانے کی اشد ضرورت ہے، کورونا پر قابو پانے کے لیے ہمیں ایک دن میں 10 ہزار ٹیسٹ کرنا ہوں گے۔
ڈاکٹر سعید اختر نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال
پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث ملک میں اموات کی تعداد 50 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 3200 سے تجاوز کرگئی ہے۔