سان فرانسسکو: کورونا وائرس کی عالمی وبا کے تناظر میں فیس بک نے ایک نیا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جسے ’کمیونٹی ہیلپ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس آپشن کے ذریعے رجسٹر ہونے کے بعد وہ معاشرے کی مدد میں اپنا ہاتھ بٹاسکیں گے یا پھر خود رضاکار سے مدد طلب کرسکتے ہیں۔
اس آپشن کی بدولت رضاکار گھروں پر سودا سلف لانے، غذائی مدد کرنے یا عطیات جمع کرنے کا کام بھی کرسکیں گے۔ اس آپشن تک رسائی حاصل کرنے کے بعد آپ کے گھر سے 50 میل کے دائرے میں مدد کے لیے کی گئی کوئی بھی پوسٹ یا مدد فراہم کرنے والے کی روداد ظاہر ہوجائے گی۔ اگر آپ ذیادہ دور نہیں جانا چاہتے تو اس آپشن کو کم کرتے کرتے 5 میل کے دائرے تک بھی محدود کیا جاسکتا ہے۔
ایک ہفتے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے تجزیہ کار میٹ نوارا نے سب سے پہلے پلیٹ فارم کے بعض اسکرین شاٹ شیئر کئے تھے۔ جب آپ ’مدد کی درخواست‘ یا ریکوئسٹ ہیلپ یا پھر ’مدد کی پیشکش‘ یا آفر ہیلپ پر کلک کرتے ہیں تو بہت سے آپشن کی پاپ اپ ونڈو کھل جاتی ہے جسے آپ پوسٹ میں شامل کرسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ پوسٹ کو ظاہر کرنے والی 14 تصاویر میں سے ایک سے نمایاں ہوجاتی ہے اور بہت سے ٹیگ سامنے آجاتے ہیں جسے شامل کرتے ہی سرچ کرنے والوں کو آسانی ہوجاتی ہے۔
اس کے بعد رابطے کے لیے میسنجر اور واٹس ایپ کی معلومات شامل کی جاسکتی ہے جسے مخصوص دوستوں اور یا پوری عوام کے سامنے رکھا جاسکتا ہے۔ بعض اطلاعات کےمطابق شاید فیس بک اسے مستقل آپشن میں شامل کردے کیونکہ کرونا وائرس کے بعد بھی دنیا میں اتار چڑھاؤ آتے رہیں گے۔
پہلے مرحلے میں امریکا، برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا اور کینیڈا کے لیے یہ سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ تاہم اگلے چند ہفتوں میں اسے پوری دنیا کے لیے کھول دیا جائے گا۔