ڈیوائن جونسن کی بیٹی کے ہمراہ دلچسپ ویڈیو وائرل


ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن سے ہولی وڈ کے سب سے زیادہ کمانے والے اداکار ڈیوائن جونسن المعروف دی راک نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو ریلیز کی جو فوری طور پر وائرل ہوگئی۔

اس ویڈیو میں اداکار اپنی ایک سالہ بیٹی ٹیا کو ہاتھ دھونا سکھا رہے ہیں جبکہ ڈزنی کی کامیاب اینی میٹڈ فلم ’مؤانا کے گانے پر گلوکاری بھی کررہے ہیں۔

ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اداکار نے کیپشن میں لکھا کہ ’نہانے جانے سے قبل یہ کام ضرور کرنا پڑتا ہے، ٹیا چاہتی ہے کہ میں اسے مؤانا فلم کے گانے یو آر ویلکم کا وہ حصہ گا کر سناؤں جس کی گلوکاری میں نے ہی کی، اس دوران میں اس کے ہاتھ دھلواتا ہوں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’مجھے اس بات کا اندازہ کچھ دن قبل ہوا کہ اس گانے کے ساتھ بچوں کو ہاتھ دھونا بھی باآسانی سکھایا جاسکتا یے۔

دی راک نے اپنے مداحوں کو صحت مند اور محفوظ رہنے کا پیغام بھی دیا۔

خیال رہے کہ ڈیوائن جونسن کی بیٹی ٹیا کی پیدائش 2018 اپریل میں ہوئی تھی۔

ڈیوائن جونسن نے گلوکارہ لورین ہاشیان کے ساتھ گزشتہ سال شادی کی تھی، ان کی دو بیٹیاں جاسمین اور ٹیا ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث کئی ممالک میں لگے لاک ڈاؤں کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوگئے ہیں اور اداکار ڈیوائن جونسن بھی اس وقت اپنے گھر والوں کے ساتھ گھر میں اچھا وقت گزار رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں