امریکی ٹی وی پروڈیوسر کورونا سے ہلاک، سی این این اینکر میں وائرس کی تشخیص


امریکی انفوٹینمینٹ چینل سی بی ایس کے نیوز چینل کی خاتون پروڈیوسر اور ٹیلنٹ ڈائریکٹر 54 سالہ ماریہ مرسیڈر کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث چل بسیں۔

ماریہ مرسیڈر جس وقت کورونا کا شکار ہوئیں، وہ پہلے سے ہی نامعلوم صحت کے مسائل کا شکار تھیں۔

ماریہ مرسیڈر طویل عرصے تک سی بی ایس نیوز میں پروڈیوسر کی ذمہ داریاں نبھاتی رہیں، اس کے بعد انہیں ٹیلنٹ ڈائریکٹر پر ترقی دی گئی۔

ماریہ مرسیڈر نے صحافت اور ٹی وی کے کیریئر میں 30 سال تک خدمات سر انجام دیں اور وہ دیگر بیماریوں کا بھی شکار تھیں۔

ماریہ مرسیڈر کینسر سمیت دیگر بیماریوں کا شکار تھیں اور وہ کئی سال سے علاج کروا رہی تھیں تاہم حالیہ دنوں میں وہ کورونا کا شکار بھی ہوئیں اور وبا کا شکار ہونے کے چند دن بعد ہی چل بسیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے بتایا کہ سی بی ایس انتظامیہ نے ماریہ مرسیڈر کی کورونا میں ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ رواں برس فروری سے چھٹیوں پر تھیں اور وہ دیگر بیماریوں کا بھی شکار تھیں۔

ٹی وی انتظامیہ نے تصدیق کی کہ ماریہ مرسیڈر کورونا کا شکار ہوگئی تھیں اور ان کا علاج نیویارک کے ہسپتال میں چل رہا تھا۔

سی بی ایس نیوز مارننگ سنڈے کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی خاتون پروڈیوسر کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی اور بتایا گیا کہ ان کی موت نیویارک کے ہسپتال میں 29 مارچ کو ہوئی۔

دوسری جانب سی این این نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ان کے پرائم ٹائم نیوز اینکر کرس کیومو بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔

49 سالہ اینکر نے اپنی ٹوئٹ کے ذریعے بھی تصدیق کی کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے تاہم ان کی طبیعت بہتر ہے اور وہ گھر سے ہی کام کریں گے۔

سی این این کے مطابق اگرچہ کرس کیومو میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے تاہم ان کی صحت بہتر ہے اور ان میں کسی طرح کی بھی شدید علامات نہیں دیکھی گئیں اور وہ قرنطینہ میں رہنے کے دوران ہی گھر سے پروگرام کریں گے۔

کرس کیومو میں ایسے وقت میں کورونا کی تشخیص ہوئی جب کہ وہ اپنے بھائی اور نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو کا انٹرویو کرنے گئے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سی این این اینکر نے 30 مارچ کو نیویارک کے گورنر سے ملاقات کی تھی اور دونوں کی ملاقات انتہائی خوشگوار رہی، تاہم 31 مارچ کو ٹی وی اینکر میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔

بھائی میں کورونا کی تشخیص پر نیویارک کے گورنر نے بھی تشویش کا اظہار کیا تاہم ساتھ ہی ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

خیال رہے کہ سی این این اینکر کی ایک بہن فلم پروڈیوسر اور ایک ریڈیولاجسٹ بھی ہیں۔

امریکا کی ریاست نیویارک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے جہاں سوا ایک لاکھ سے زائد لوگ وبا سے متاثر ہوچکے ہیں جب کہ وہاں پر ہلاکتوں کی تعداد بھی 1500 کے قریب جا پہنچی ہے۔

امریکا بھر میں مجموعی طور پر یکم اپریل کی شام تک کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 89 ہزار جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 4200 تک جا پہنچی تھی۔

دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد یکم اپریل کی شام تک بڑھ کر 8 لاکھ 73 ہزار جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 43 ہزار سے زائد ہو چکی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں