کاجول اور بیٹی نائسا کو کورونا ہونے کی خبروں پر اجے دیوگن نے خاموشی توڑ دی


ممبئی: بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن نے اپنی اہلیہ کاجول اور بیٹی نائسا کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔

گزشتہ کچھ دنوں سے بھارتی میڈیا میں خبریں گردش کررہی تھیں کہ کاجول اور نائسا سنگاپور سے واپس ممبئی آنے کے بعد کووڈ 19 میں مبتلا ہوگئی ہیں۔ اجے اور کاجول کی بیٹی نائسا سنگاپور میں تعلیم کی غرض سے موجود تھیں تاہم وہ گزشتہ ہفتے ہی اپنی والدہ کے ساتھ ممبئی لوٹی ہیں۔

سنگاپور سے لوٹنے کے بعد دونوں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا اس کے علاوہ ان دونوں کو اسپتال میں بھی دیکھا گیا تھا جس کے بعد بھارتی میڈیا میں خبریں گردش کرنے لگیں کہ دونوں کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئی ہیں۔

تاہم اب اجے دیوگن نے ان خبروں پر خاموشی توڑتےہوئے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا ہے کہ میری بیوی کاجول اور بیٹی نائسا بالکل ٹھیک ہیں اور ان کی صحت کے حوالے سے میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بالکل بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بالی ووڈ کی نامور گلوکارہ کنیکا کپور کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکی ہیں اور فی الحال کولکتہ میں اپنے گھر میں قرنطینہ میں وقت گزار رہی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں